ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

وہ کونسی غذائیں ہیں جو ہر قسم کے سر درد میں آپ کو ریلیف دے سکتی ہیں؟ جانیے

15 جولائی, 2025 12:38

آج کل سر درد ایک عام مسئلہ بن چکا ہے، خاص طور پر مائیگرین یعنی آدھے سر کی تکلیف نے لاکھوں افراد کی روزمرہ زندگی متاثر کر رکھی ہے۔

مائیگرین کی شدت اور دورانیے میں کمی کے لیے ابھی تک کوئی قطعی علاج موجود نہیں، لیکن مختلف غذائیں اس حوالے سے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کچھ غذائیں نہ صرف مائیگرین کی شدت کو کم کرتی ہیں بلکہ اس کے حملوں سے بچاؤ میں بھی مدد دیتی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اومیگا 3 فیٹی ایسڈز سے بھرپور غذائیں جیسے السی کے بیج، اخروٹ اور مچھلی ورم کو کم کرتی ہیں، جو مائیگرین کی وجہ بن سکتا ہے۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جسمانی ورم مائیگرین کے حملوں کی شدت اور دورانیے میں اضافہ کرتا ہے، لہٰذا اومیگا 3 فیٹی ایسڈز کا استعمال مفید ہے۔

اسی طرح میگنیشم سے بھرپور غذائیں جیسے پالک، گوبھی اور کدو کے بیج بھی مائیگرین سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ ایک تحقیق میں جسم میں میگنیشم کی کمی کو مائیگرین کی ایک اہم وجہ قرار دیا گیا ہے۔

ادرک بھی مائیگرین میں کارآمد سمجھا جاتا ہے کیونکہ یہ متلی کو کم کرنے اور جسمانی ورم کو گھٹانے میں مددگار ہوتا ہے۔ تحقیق کے مطابق ادرک کا پاؤڈر مائیگرین کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے جبکہ ادرک کی چائے ڈی ہائیڈریشن کی وجہ سے مائیگرین کی شدت کو کم کر سکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق گریاں اور بیج جیسے بادام، کدو کے بیج، سورج مکھی کے بیج اور اخروٹ میں وٹامن ای اور میگنیشم شامل ہوتے ہیں جو سردرد اور مائیگرین سے بچاؤ میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

دار چینی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بھی سر درد کی شدت کو کم کرنے میں مؤثر ہیں۔ چائے میں دار چینی کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے، اور تحقیق کے مطابق دار چینی کے سپلیمنٹس جسمانی ورم کو کم کرتے ہیں جس سے مائیگرین کے دورے کم ہو جاتے ہیں۔

وٹامن بی 2 بھی مائیگرین کی روک تھام میں مددگار ہے، جو انڈے، دودھ اور چربی سے پاک گوشت میں پایا جاتا ہے۔

ہلدی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مائیگرین اور سر درد سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، خاص طور پر اگر اسے اومیگا 3 فیٹی ایسڈز والی غذاؤں کے ساتھ استعمال کیا جائے۔

سالم اناج جیسے براؤن چاول اور جو کے استعمال سے بھی سر درد کی شدت میں کمی آتی ہے کیونکہ یہ بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھتے ہیں۔ تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ بلڈ شوگر کی سطح میں تیزی سے اتار چڑھاؤ سر درد کو بڑھا سکتا ہے۔ سالم اناج میں فائبر اور بی وٹامنز شامل ہوتے ہیں جو مائیگرین سے بچاؤ میں معاون ہیں۔

پانی سے بھرپور غذائیں جیسے تربوز اور کھیرے بھی مائیگرین سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتی ہیں کیونکہ پانی کی کمی اکثر سر درد کو بڑھا دیتی ہے۔ مناسب پانی کا استعمال مائیگرین اور سر درد سے نجات کے لیے ضروری ہے۔

اس طرح، متوازن غذائی عادات اپنانا اور جسمانی ورم کو کم کرنا مائیگرین کے علاج اور روک تھام میں اہم ثابت ہوسکتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔