ایئرفونز لگا کر کام کرنے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

Alarm Bells Ring for Those Who Work with Earphones On
دنیا بھر میں لوگوں کی اکثریت ایئربڈز اور ایئرفونز لگا کر کام کرنا پسند کرتی ہے، لیکن کیا آپ اس کے نقصانات جانتے ہیں؟ اگر نہیں تو آج ہم آپ کو بتائیں گے۔
لوگ ایئربڈز اور ایئرفونز کو نہ صرف موسیقی سننے بلکہ کام پر توجہ مرکوز کرنے اور شور سے بچنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ تاہم، ان کا مسلسل اور طویل وقت تک استعمال صحت، خصوصاً کانوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، جسے اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔
دفاتر میں اکثر افراد صبح کام کا آغاز کرتے ہی ایئرفونز لگا لیتے ہیں اور گھنٹوں انہیں کانوں میں رکھ کر بیٹھے رہتے ہیں۔ یہ معمول وقت کے ساتھ کانوں میں جلن، خراش، موم کی زیادتی اور یہاں تک کہ انفیکشن جیسے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔ طبی ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ ایئرفونز کا مسلسل استعمال صرف سماعت پر اثر نہیں ڈالتا، بلکہ دماغی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب کر سکتا ہے۔ مسلسل بیرونی آوازوں کو دبانے کے باعث دماغ حقیقی دنیا کے معمولی شور پر بھی حساس ہو جاتا ہے، جس سے چڑچڑا پن بڑھ سکتا ہے۔
تحقیقات کے مطابق کان خود کو صاف رکھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، لیکن جب ایئرفونز بار بار استعمال کیے جاتے ہیں تو موم کان کے اندر ہی جمع ہونے لگتا ہے، جو خارش، خشکی اور بعض صورتوں میں وقتی سماعت میں کمی کا سبب بنتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایئرفونز کے استعمال کو ترک کرنے کے بجائے اس میں توازن پیدا کرنا ضروری ہے۔ اس سلسلے میں 60/60 قاعدہ اپنانے کی تجویز دی جاتی ہے، یعنی 60 فیصد سے کم والیوم پر زیادہ سے زیادہ 60 منٹ مسلسل سننا۔ اس کے علاوہ ہر 30 سے 60 منٹ بعد 5 سے 10 منٹ کا وقفہ دینا چاہیے تاکہ کان "سانس” لے سکیں۔
ماہرین کی مزید تجاویز میں ایئرفونز کو صاف رکھنا، انہیں کان کے بہت اندر نہ ڈالنا، کم والیوم پر سننا، کام کے دوران کچھ وقت بغیر آواز کے گزارنا اور خاص طور پر بچوں و نوعمروں کی نگرانی شامل ہیں کیونکہ ان کے کان زیادہ حساس ہوتے ہیں۔
ایئر بڈز بلاشبہ ہماری زندگی کا ایک اہم جزو بن چکے ہیں، لیکن ان کے غیر محتاط استعمال سے پیدا ہونے والے نقصانات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اس لیے ضروری ہے کہ ہم ہوش مندی، اعتدال اور وقفے کے اصولوں کو اپنائیں تاکہ سماعت کی صحت برقرار رہے اور دماغی توازن بھی متاثر نہ ہو۔ کیونکہ بعض اوقات خاموشی بھی ایک حسین دھن ثابت ہو سکتی ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.