ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

کیا آپ بھی نیند کی خرابی کے مسائل کا شکار ہیں؟ تو یہ ورزشیں آج سے شروع کردیں

26 اگست, 2025 14:26

ایک حالیہ بین الاقوامی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ یوگا کی باقاعدہ مشق نیند کی خرابیوں کے علاج میں دیگر تمام ورزشوں کے مقابلے میں زیادہ مؤثر ثابت ہوتی ہے۔

 چین کے شہر ہاربن کی اسپورٹس یونیورسٹی کے محققین کی اس تحقیقی رپورٹ میں 30 مختلف سائنسی تجربات کا تجزیہ کیا گیا، جن میں ڈھائی ہزار سے زائد ایسے افراد شریک تھے جو نیند کی کمی، بے خوابی اور نیند کے معیار کی خرابی جیسے مسائل کا شکار تھے۔

مطالعے کے مطابق اگر یوگا ہفتے میں صرف دو مرتبہ، ہر بار 30 منٹ سے کم دورانیے کے لیے بھی کیا جائے تو یہ نیند کی بہتری کے لیے ایک مؤثر طریقہ بن سکتا ہے۔ تحقیق میں دیگر ورزشوں کا بھی موازنہ کیا گیا، جس میں واک کو دوسری بہترین اور مزاحمتی ورزش کو تیسری مؤثر ترین قرار دیا گیا۔ ان سرگرمیوں کے مثبت نتائج 8 سے 10 ہفتوں کے اندر نمایاں ہو گئے۔

یہ نتائج 2023 کی ایک سابقہ تحقیق سے مختلف ہیں، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ہفتے میں تین بار ایروبک یا درمیانی شدت کی ورزش نیند کے معیار میں سب سے زیادہ بہتری لاتی ہے۔ تاہم حالیہ تجزیے میں شامل متعدد مطالعات نے یوگا کے اثرات کو دیگر ورزشوں کے مقابلے میں زیادہ مثبت قرار دیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یوگا کی مختلف اقسام اور شدت کے باعث ہر تحقیق میں اس کے اثرات مختلف ہوسکتے ہیں، تاہم عمومی طور پر یوگا دل کی دھڑکن کو بہتر بناتا ہے، پٹھوں کو متحرک کرتا ہے اور نظام تنفس کو منظم کرتا ہے۔

 یہ تمام عوامل اعصابی نظام کو سکون دینے، ہاضمہ بہتر بنانے اور دماغی لہروں کو متوازن کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں، جو گہری نیند کے حصول میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

محققین نے البتہ خبردار کیا ہے کہ ان نتائج کو مکمل حتمی نہ سمجھا جائے، کیونکہ شامل مطالعات کی تعداد محدود ہے اور ہر فرد کے جسمانی و ذہنی ردعمل میں فرق ہوتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔