ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

کیا صبح کے خواب سچ ہوتے ہیں؟ ماہرین کا ردعمل سامنے آگیا

01 ستمبر, 2025 11:54

اکثر افراد کو یہ تجربہ ہوتا ہے کہ صبح کے وقت الارم بجنے سے کچھ لمحے قبل وہ کسی عجیب و غریب خواب میں ہوتے ہیں۔ کبھی اپنے بچھڑوں سے ملاقات کرتے ہیں، کبھی بلند عمارت سے گر رہے ہوتے ہیں، تو کبھی کسی سنسان جگہ پر منزل کی تلاش میں سرگرداں ہوتے ہیں۔

بعض اوقات ایسے خوابوں میں خود کو کسی مشکل میں پھنسی حسینہ کا ہیرو بنتے ہوئے بھی پایا جاتا ہے۔ عوامی سطح پر یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ صبح کے وقت دیکھے گئے خواب سچ ثابت ہوتے ہیں، تاہم ماہرین اس حوالے سے مختلف رائے رکھتے ہیں۔

اس حوالے سے سائیکو اسپریچوئل ہیلر کاویال ہاتھی سدانی کا کہنا ہے کہ صبح کے خواب دراصل "وینٹنگ ڈریمز” کہلاتے ہیں، یعنی ایسے خواب جن کے ذریعے دماغ غیرضروری معلومات اور خیالات کو خارج کرتا ہے۔ ان کے مطابق لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ صبح کے خواب سچ ہوتے ہیں، جبکہ درحقیقت یہ خواب محض دماغ کی جانب سے غیر متعلقہ معلومات کو خارج کرنے کا ایک قدرتی طریقہ ہیں۔

نیورولوجی اور نفسیات کے ماہر ڈاکٹر سری کانت سرینواسن کے مطابق صبح کے خواب نیند کے ایک مخصوص مرحلے، ریم اسٹیج میں آتے ہیں۔ یہی وہ وقت ہوتا ہے جب دماغ سب سے زیادہ متحرک ہوتا ہے۔ یہ مرحلہ عام طور پر صبح 4 سے 7 بجے کے درمیان آتا ہے اور 90 منٹ تک جاری رہ سکتا ہے۔ چونکہ یہ وقت جاگنے کے قریب ہوتا ہے، اس لیے اس دوران دیکھے گئے خواب نہ صرف زیادہ واضح محسوس ہوتے ہیں بلکہ یاد بھی رہ جاتے ہیں۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ صبح کے وقت دیکھے گئے خواب عموماً جذبات سے بھرپور ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ اس دوران دماغ کے وہ حصے زیادہ متحرک ہو جاتے ہیں جو یادداشت، جذبات اور تصویری سوچ سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ منطقی سوچ کے مراکز کم سرگرم ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ دبے ہوئے خیالات اور پرانے جذبات اس وقت خوابوں کی صورت میں زیادہ شدت سے ظاہر ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر سرینواسن کے مطابق اگرچہ صبح کے خواب محض تصوراتی محسوس ہوتے ہیں، لیکن ان کی نفسیاتی اہمیت ضرور ہے۔ اگر کوئی فرد اپنے خواب روزانہ ایک ڈریم جرنل یا ڈائری میں درج کرے تو وہ اپنی گہری جذباتی پیچیدگیوں اور ان واقعات کو سمجھ سکتا ہے جو اس کی شخصیت پر اثرانداز ہوئے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ عمل نفسیاتی علاج کے دوران بھی معاون ثابت ہو سکتا ہے۔

ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اگرچہ صبح کے خواب حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے، تاہم یہ ذہنی اور جذباتی الجھنوں کو سمجھنے کا ایک مؤثر ذریعہ ضرور ہیں، جو انسان کو خود شناسی کی جانب لے جا سکتے ہیں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔