روس کا دنیا کی پہلی کینسر ویکسین اینٹرو مکس تیار کرنے کا دعویٰ

ماسکو: روس نے دنیا کی پہلی کینسر ویکسین اینٹرو مکس تیار کرنے کا 100 فیصد کامیاب دعویٰ کیا ہے،
یہ پیش رفت طب کی دنیا میں ایک انقلابی سنگ میل قرار دی جا رہی ہے جس نے دنیا بھر کے لاکھوں کینسر مریضوں کے لیے نئی امید پیدا کردی ہے۔
ماہرین کے مطابق اینٹرو مکس کو روس کے چند مخصوص کینسر سینٹرز میں ابتدائی طور پر استعمال میں لایا جا رہا ہے اور جلد ہی وزارتِ صحت سے حتمی منظوری کے بعد یہ ویکسین پورے ملک میں دستیاب ہوگی۔
کلینکل تجربات کے دوران اس ویکسین کے کوئی سنگین مضر اثرات سامنے نہیں آئے جو عام طور پر کیموتھراپی اور ریڈی ایشن جیسے روایتی علاج میں دیکھے جاتے ہیں جن میں بالوں کا جھڑنا، تھکن اور اعضا کو نقصان پہنچنا شامل ہے۔
یہ ویکسین ایم آر این اے ٹیکنالوجی پر تیار کی گئی ہے، وہی پلیٹ فارم جس پر کووڈ19 کی ویکسینز بنائی گئی تھیں۔
اس طریقہ کار کے تحت جسم کے خلیے ایسے پروٹین تیار کرتے ہیں جو کینسر کے خلیوں سے مشابہت رکھتے ہیں اور یوں مدافعتی نظام کو ان خلیوں کی درست نشاندہی اور تباہی کی تربیت ملتی ہے۔
اس جدت کے باعث صحت مند ٹشوز محفوظ رہتے ہیں اور مریض علاج کو زیادہ بہتر طور پر برداشت کر پاتے ہیں۔
اینٹرو مکس ایک سادہ انٹرامسکولر انجیکشن کے ذریعے لگائی جاتی ہے جو دیگر پیچیدہ کینسر علاج کے مقابلے میں نہایت آسان اور کم تکلیف دہ ہے۔
یہ ویکسین نیشنل میڈیکل ریسرچ ریڈیالوجیکل سینٹر اور اینجلہارٹ انسٹیٹیوٹ آف مالیکیولر بایولوجی کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے، جو روس کے آنکولوجی اور مالیکیولر میڈیسن کے نمایاں ادارے ہیں۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اینٹرو مکس پھیپھڑوں، چھاتی، بڑی آنت اور لبلبے کے کینسر سمیت کئی اقسام کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتی ہے۔
اگر وزارتِ صحت کی جانب سے حتمی منظوری مل جاتی ہے تو اینٹرو مکس کینسر کے عالمی علاج میں ایک نیا باب کھول سکتی ہے جہاں مریضوں کو روایتی سخت علاج کے بجائے ایک محفوظ اور ذاتی نوعیت کے مطابق علاج میسر ہوگا جس سے نہ صرف بقا کے امکانات بڑھیں گے بلکہ زندگی کے معیار میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔
ماہرین پر امید ہیں کہ یہ ویکسین مستقبل میں کینسر کے علاج کو عام اور غیر مؤثر طریقوں سے نکال کر جدید اور ہدفی معالجے کی جانب لے جائے گی۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.