کافی پینے کے نقصانات؟ طبی ماہرین کی تشویشناک تحقیق سامنے آگئی

Side Effects of Drinking Coffee? Alarming Study by Medical Experts Revealed
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کیفین پر ضرورت سے زیادہ انحصار صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق کافی میں موجود کیفین وقتی طور پر چُستی اور ذہنی بیداری کا احساس تو دلاتی ہے، مگر اس کا بار بار استعمال انسان کو اس پر انحصار کرنے پر مجبور کر دیتا ہے۔ اس کا نتیجہ نیند کے نظام میں خرابی، جسم کی قدرتی توانائی میں کمی، بے چینی، چڑچڑاپن، تھکن اور توجہ میں کمی کی صورت میں نکلتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ کیفین کی طلب بڑھتی جاتی ہے، جو مزید جسمانی اور ذہنی مسائل کو جنم دیتی ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ضرورت سے زیادہ کیفین لینے سے بلڈ پریشر میں اضافہ، دل کی دھڑکن تیز ہونا، ہاضمے کے مسائل، پانی کی کمی، غذائی اجزاء کے جذب میں رکاوٹ اور بے چینی جیسی شکایات پیدا ہو سکتی ہیں، جو طویل المدتی بنیادوں پر انسانی صحت کے لیے خطرناک ہو سکتی ہیں۔
ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ توانائی بڑھانے کے لیے کیفین کے بجائے قدرتی طریقے اپنائے جائیں۔ دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینا، متوازن غذا جس میں پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور صحت مند چکنائیاں شامل ہوں، اور جسمانی سرگرمیاں جیسے چہل قدمی یا ہلکی پھلکی ورزش توانائی کی پائیدار فراہمی کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اسی طرح دن میں مختصر نیند (پاور نیپ)، مراقبہ اور گرین ٹی کا استعمال بھی بہتر اور دیرپا توانائی فراہم کر سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ توانائی کی کمی اگرچہ ایک عام مسئلہ ہے، لیکن چند سادہ اور صحت بخش عادات اپنا کر نہ صرف روزمرہ زندگی میں چُستی برقرار رکھی جا سکتی ہے بلکہ مجموعی جسمانی اور ذہنی صحت کو بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ ان کا مشورہ ہے کہ روزانہ 7 سے 9 گھنٹے کی پُرسکون نیند لی جائے، نیند کا باقاعدہ شیڈول ترتیب دیا جائے اور دن بھر وافر مقدار میں پانی پیا جائے۔
مزید برآں، پھل، سبزیاں، دالیں، دلیہ، گوشت اور صحت مند چکنائیاں استعمال کی جائیں تاکہ توانائی کا قدرتی نظام بحال رہے۔ ماہرین نے ذہنی دباؤ کم کرنے کے لیے یوگا، مائنڈ فُلنیس اور مراقبے جیسے طریقوں کو بھی مفید قرار دیا ہے، جب کہ چینی اور ریفائنڈ کاربوہائیڈریٹس کے استعمال کو محدود رکھنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ توانائی کی اچانک کمی سے بچا جا سکے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.