ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/19هـ (11-10-2025م)

کام کے دوران ہائی بلڈ پریشر کو کیسے کنٹرول رکھا جا سکتا ہے؟ آسان طریقے جانیے

15 ستمبر, 2025 16:34

بھارت میں ہائی بلڈ پریشر تیزی سے دل کی عام بیماریوں میں شامل ہوتا جا رہا ہے۔

انڈین کونسل آف میڈیکل ریسرچ کی حالیہ تحقیق کے مطابق ملک کی مجموعی آبادی کا 30.7 فیصد سے 35.5 فیصد تک حصہ ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ماہرین صحت خبردار کرتے ہیں کہ ہائی بلڈ پریشر دل کے دورے، فالج اور دیگر مہلک قلبی امراض کا بڑا سبب بن سکتا ہے۔ امریکی ادارہ برائے انسدادِ امراض کے مطابق مؤثر علاج سے ان خطرناک بیماریوں کے خدشے کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔

دفاتر میں طویل وقت تک بیٹھنے، جسمانی سرگرمی کی کمی اور بڑھتا ہوا ذہنی دباؤ اس بیماری کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق مسلسل بیٹھے رہنے سے میٹابولزم سست ہو جاتا ہے جس سے پیٹ کی چربی بڑھتی ہے، اور یہ چربی بلڈ پریشر میں اضافے کا سبب بن سکتی ہے۔ نیشنل سینٹر فار بایوٹیکنالوجی انفارمیشن کے مطابق موٹاپا خون کی نالیوں کی کارکردگی کو متاثر کرتا ہے اور ہارمونز میں تبدیلی لا کر ہائی بلڈ پریشر کے امکانات میں اضافہ کرتا ہے۔

ماہرین صحت نے ہائی بلڈ پریشر پر قابو پانے کے لیے چند مؤثر تجاویز بھی دی ہیں۔ ان کے مطابق روزانہ صرف 30 منٹ کی جسمانی سرگرمی، جیسے تیز چہل قدمی یا دفتر تک سائیکل کا استعمال، بلڈ پریشر میں بہتری لا سکتا ہے۔ ذہنی دباؤ کو کم کرنے کے لیے مراقبہ اور گہری سانس لینے کی مشقیں مفید ثابت ہو سکتی ہیں۔ غذا میں پھل، سبزیاں اور کم چکنائی والی ڈیری مصنوعات شامل کریں جبکہ نمک کے استعمال میں کمی ضروری ہے، خاص طور پر دفتر کے کھانوں میں ان اصولوں کا خیال رکھا جائے۔

کیفین کے استعمال میں احتیاط برتنا بھی ضروری ہے کیونکہ یہ وقتی طور پر بلڈ پریشر بڑھا سکتی ہے، خاص طور پر ان افراد میں جو اس کے عادی نہیں۔ مکمل اور پرسکون نیند، یعنی روزانہ سات سے نو گھنٹے سونا، دل کی صحت کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگر ممکن ہو تو دن کے ابتدائی حصے میں 20 سے 30 منٹ کا قیلولہ بھی مفید ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ دن بھر مناسب مقدار میں پانی پینا بلڈ پریشر کو متوازن رکھنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔