اُبلا ہوا یا فرائیڈ؛ وزن کم کرنے کیلیے کون سا انڈا بہتر ہے؟

Boiled or Fried: Which Egg Is Better for Weight Loss?
انڈا ایک ایسی مکمل غذا ہے جو پروٹین، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوتا ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے دنیا بھر میں بالخصوص ناشتے میں استعمال کیا جاتا ہے۔
وزن کم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے یہ سوال اکثر ذہن میں آتا ہے کہ انڈا اُبال کر کھایا جائے یا فرائی کر کے؟ ماہرین غذائیت اور مختلف سائنسی تحقیقات کے مطابق ناشتے میں انڈے کا استعمال نہ صرف جسم کو توانائی فراہم کرتا ہے بلکہ یہ دن بھر کیلوریز کی مجموعی مقدار کو بھی کم کر سکتا ہے، جس سے وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
غذائیت کے ڈیٹا کے مطابق ایک اُبلا ہوا انڈا تقریباً 70 سے 80 کیلوریز پر مشتمل ہوتا ہے، جبکہ تلے ہوئے انڈے میں استعمال ہونے والے تیل یا مکھن کے باعث کیلوریز کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔ تاہم، دونوں اقسام کے انڈے یکساں طور پر اعلیٰ معیار کا پروٹین فراہم کرتے ہیں، جو طویل وقت تک پیٹ بھرے رہنے کا احساس دیتا ہے اور کھانے کے درمیان بھوک کو کنٹرول کرتا ہے۔
تحقیقات سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ انڈوں پر مشتمل ناشتہ کاربوہائیڈریٹس سے بھرپور ناشتے کے مقابلے میں زیادہ دیر تک سیر رکھتا ہے اور اس کے نتیجے میں لوگ دن بھر کم کیلوریز استعمال کرتے ہیں۔ اس لیے انڈے کا ناشتہ، چاہے وہ اُبلا ہو یا فرائی کیا ہوا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
البتہ، ماہرین کا کہنا ہے کہ انڈے کو پکانے کے دوران بہت زیادہ درجہ حرارت یا طویل وقت تک تلنے سے کچھ مائیکرو نیوٹرینٹس ضائع ہو سکتے ہیں، اور زیادہ درجہ حرارت پر تلنے سے انڈے کے کولیسٹرول میں آکسیڈیشن کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے، جو صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
اگر ذائقے کے ساتھ ساتھ صحت کا بھی خیال رکھنا ہو تو ایک چائے کا چمچ زیتون کے تیل یا نان اسٹک اسپرے کا استعمال کرکے انڈے تلنا بہتر انتخاب ہے۔ لیکن کم سے کم کیلوریز کی خواہش رکھنے والے افراد کے لیے انڈے کو اُبال کر یا پانی میں پکا کر کھانا زیادہ مفید ہے۔
ماہرین تجویز کرتے ہیں کہ انڈوں کو سبزیوں کے ساتھ ملا کر کھانے سے نہ صرف ذائقہ بڑھتا ہے بلکہ فائبر کی مقدار بھی بڑھتی ہے، جو ہاضمے اور بھرپور غذا کے لیے فائدہ مند ہے۔
اگر کولیسٹرول سے متعلق خدشات ہوں تو ماہرین صحت سے مشورہ ضرور لینا چاہیے، تاہم زیادہ تر صحت مند افراد کے لیے دن میں ایک سے دو انڈے کھانا محفوظ سمجھا جاتا ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.