ہفتہ، 11-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

کینسر کے مریضوں کو خوشخبری سنا دی گئی

19 ستمبر, 2025 11:31

پاکستان میں کینسر کے علاج میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آ گئی ہے۔

  پاکستان میں پہلی بار جدید کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ سینٹر کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ اس ٹیکنالوجی کے ذریعے مریضوں کا علاج بغیر کیموتھراپی اور ریڈیوتھراپی کے ممکن ہو گیا ہے، اور صرف ساٹھ منٹ میں کینسر جیسے موذی مرض سے نجات حاصل کی جا سکتی ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بتایا کہ یہ جدید سینٹر صرف پنجاب ہی نہیں، بلکہ پورے پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب نے ایک مرتبہ پھر صحت کے میدان میں قیادت کا کردار ادا کیا ہے، اور اب کینسر کے مریضوں کو بالکل مفت اور درد سے پاک علاج کی سہولت دستیاب ہو گی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ یہ جدید مشین چین سے درآمد کی گئی ہے، اور چین کے علاوہ خطے میں یہ ٹیکنالوجی کسی اور ملک کے پاس موجود نہیں۔ مشین کی مالیت 25 کروڑ روپے ہے جبکہ ایک پروب کی قیمت 5500 امریکی ڈالر ہے۔ حکومت پنجاب نے اس منصوبے کے لیے 5 ارب روپے کا بجٹ مختص کیا ہے تاکہ وہ مریض جو علاج کا خرچ برداشت نہیں کر سکتے، ان کا مکمل علاج مفت کیا جا سکے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ اس ٹیکنالوجی کے لیے ڈاکٹر شہزاد کو خصوصی تربیت کے لیے چین بھیجا گیا، اور اب میو اسپتال لاہور میں پہلی مشین فعال ہو چکی ہے۔ اب تک اس مشین کے ذریعے پانچ مریضوں کا کامیاب علاج کیا جا چکا ہے، اور تمام مریض صحت یاب ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے خود اس جدید علاج کا جائزہ لیا اور واپسی پر فوری طور پر یہ ٹیکنالوجی پاکستان لانے کی ہدایت دی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو جدید، مؤثر اور مفت علاج کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور کوآبلیشن کینسر ٹریٹمنٹ اس سمت میں ایک انقلابی قدم ہے۔

یہ ٹیکنالوجی پاکستان میں کینسر کے علاج کے روایتی اور تکلیف دہ طریقوں کا متبادل ثابت ہو سکتی ہے، اور اس سے نہ صرف مریضوں کو آرام دہ علاج میسر آئے گا بلکہ علاج کے اخراجات میں بھی نمایاں کمی ممکن ہو سکے گی۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔