دل کے دورے کے بعد کون سی دوا انتہائی نقصان دہ ہوسکتی ہے؟ نئی تحقیق نے سب کے ہوش اڑادیئے

Which Medicine Can Be Extremely Harmful After a Heart Attack? New Study Sends Shockwaves
برطانیہ میں کی گئی ایک طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ دل کے دورے کے بعد بیٹا بلاکرز کا استعمال بعض خواتین کے لیے نہ صرف نقصان دہ بلکہ جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
بیٹا بلاکرز وہ ادویات ہیں جو عام طور پر ہارٹ اٹیک کے بعد مریضوں کو دل کی دھڑکن کو قابو میں رکھنے اور بلڈ پریشر کم کرنے کے لیے دی جاتی ہیں۔ تاہم نئی تحقیق کے مطابق اگر ہارٹ اٹیک کے بعد کسی خاتون کے دل کو کم نقصان پہنچا ہو اور اس کا دل 50 فیصد یا اس سے زیادہ کارکردگی کے ساتھ کام کر رہا ہو تو ایسی صورت میں بیٹا بلاکرز دینا نہ صرف غیر مؤثر بلکہ خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ایسی خواتین کو بیٹا بلاکرز دینے کی صورت میں ان میں دوبارہ دل کا دورہ پڑنے، ہارٹ فیل ہونے اور حتیٰ کہ موت کا خطرہ تین گنا تک بڑھ جاتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج معروف طبی جریدے نیو انگلینڈ جرنل آف میڈیسن اور یورپی ہارٹ جرنل میں شائع کیے گئے ہیں، جن میں واضح کیا گیا ہے کہ ہارٹ اٹیک کے بعد اگر دل کا ایجیکشن فریکشن کم نہ ہو تو بیٹا بلاکرز کا استعمال ترک کر دینا چاہیے۔
تحقیق میں اسپین اور اٹلی کے 109 اسپتالوں میں داخل 8,500 مریضوں کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 1,627 خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ بیٹا بلاکرز استعمال کرنے والی خواتین میں دل سے متعلق اموات کا خطرہ اُن خواتین کے مقابلے میں 45 فیصد زیادہ تھا، جو یہ دوا استعمال نہیں کر رہی تھیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس تحقیق کے نتائج ایک بڑے کلینیکل ٹرائل "ری بوٹ” کے تحت حاصل کیے گئے ہیں، اور یہ نتائج مستقبل میں دل کے مریضوں، خاص طور پر خواتین، کے لیے علاج کے فیصلوں میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تحقیق سے یہ بھی ظاہر ہوا کہ جن مریضوں کا دل نارمل یا تقریباً نارمل طریقے سے کام کر رہا ہو، انہیں بیٹا بلاکرز سے کوئی واضح فائدہ نہیں ہوتا۔
طبی ماہرین نے اس تحقیق کی روشنی میں معالجین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بیٹا بلاکرز کے استعمال کے حوالے سے مریض کی مجموعی حالت، ایجیکشن فریکشن اور جنس کو مدِنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کریں، تاکہ غیر ضروری پیچیدگیوں اور خطرات سے بچا جا سکے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement