صبح سویرے بلڈ پریشر کیوں بڑھتا ہے؟ ماہرین نے بتادیا

Why Does Blood Pressure Rise Early in the Morning? Experts Explain
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ صبح کے اوقات میں بلڈ پریشر کا غیر معمولی بڑھ جانا صحت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ان افراد کے لیے جو پہلے سے دل کے امراض یا ہائی بلڈ پریشر میں مبتلا ہیں۔
ماہرین کے مطابق نیند کے دوران عام طور پر بلڈ پریشر کم ہو جاتا ہے، مگر بیداری کے فوراً بعد جسم میں ہارمونز جیسے ایڈرینالین اور کورٹیسول کا اخراج بڑھ جاتا ہے، جو بلڈ پریشر کو اچانک بلند کر دیتا ہے۔ اگر یہ اضافہ معمول سے زیادہ ہو تو اسے مارننگ ہائی بلڈ پریشر کہا جاتا ہے، جو فالج اور دل کے دورے کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔
ماہرین نے اس مسئلے کی ایک بڑی وجہ سلیپ ایپنیا کو قرار دیا ہے۔ اس کیفیت میں نیند کے دوران سانس بار بار رکنے سے جسم میں آکسیجن کی سطح گر جاتی ہے اور نتیجتاً تناؤ کے ہارمونز کا اخراج بڑھ جاتا ہے، جو صبح کے وقت بلڈ پریشر کو بڑھا دیتے ہیں۔ تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ سلیپ ایپنیا کے مؤثر علاج سے بلڈ پریشر کو قابو میں رکھا جا سکتا ہے اور دل کے امراض کا خطرہ بھی کم کیا جا سکتا ہے۔
ایک اور اہم وجہ ہائی بلڈ پریشر کی دواؤں کا قلیل المدتی اثر ہے۔ ماہرین کے مطابق کچھ ادویات کی تاثیر رات کے وقت کم ہو جاتی ہے، جس کے باعث صبح بلڈ پریشر قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔ اسی لیے ماہرین طویل اثر رکھنے والی دواؤں کے استعمال اور انہیں درست وقت پر لینے پر زور دیتے ہیں۔
خوراک کے حوالے سے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سونے سے قبل نمکین اور پراسیس شدہ غذاؤں کا استعمال جسم میں پانی روک کر خون کے حجم کو بڑھاتا ہے، جو صبح کے وقت بلڈ پریشر کو بلند کر سکتا ہے۔ اسی طرح رات کو بھاری کھانا دل اور دوران خون پر دباؤ ڈال کر اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ صبح کے وقت ہارمونز کا اخراج ایک قدرتی عمل ہے، تاہم وہ افراد جو مسلسل ذہنی دباؤ یا اضطراب کا شکار ہیں، ان میں یہ ہارمونز خطرناک حد تک بڑھ سکتے ہیں، جو نہ صرف دل کی بیماریوں کا باعث بن سکتے ہیں بلکہ نیند کے معیار کو بھی بری طرح متاثر کرتے ہیں۔
طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ ہائی بلڈ پریشر کے مریض باقاعدگی سے صبح کے وقت بلڈ پریشر کی نگرانی کریں اور معالج کے مشورے سے ادویات کے وقت اور مقدار کو مناسب انداز میں ترتیب دیں، تاکہ کسی ممکنہ خطرے سے بروقت بچا جا سکے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement