ہارٹ اٹیک یا فالج کی وہ نشانیاں جو برسوں قبل سامنے آجاتی ہیں؛ جانیے

Signs of Heart Attack or Stroke That Appear Years in Advance – Find Out
ایک نئی طبی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ تقریباً ہر وہ فرد جو ہارٹ اٹیک، فالج یا ہارٹ فیلیئر کا شکار ہوتا ہے، اسے ان جان لیوا امراض کی ابتدائی علامات برسوں قبل ہی ظاہر ہو جاتی ہیں۔
امریکا کی نارتھ ویسٹرن یونیورسٹی اور جنوبی کوریا کی یونسائی یونیورسٹی کی مشترکہ تحقیق میں لاکھوں افراد کو دو مختلف براعظموں سے ٹریک کیا گیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ 99 فیصد مریضوں کو ہارٹ اٹیک، فالج یا ہارٹ فیلیئر جیسے ایمرجنسی حالات سے پہلے کم از کم ایک خطرے کی علامت ہوتی ہے۔ ان علامات میں ہائی بلڈ پریشر سب سے عام پایا گیا، جو ہر دس میں سے نو مریضوں کو متاثر کرتا ہے۔
تحقیق نے اس تصور کو چیلنج کیا کہ یہ امراض اچانک اور غیر متوقع طور پر آتے ہیں، بلکہ تقریباً تمام کیسز میں پیشگی انتباہی نشانیاں موجود ہوتی ہیں جنہیں اکثر شناخت یا علاج نہیں کیا جاتا۔ اس مطالعے میں جنوبی کوریا کے 93 لاکھ اور 7 ہزار امریکی شہریوں کے دو دہائیوں کے طبی ریکارڈز کا جائزہ لیا گیا، جس میں بلڈ پریشر، کولیسٹرول، بلڈ شوگر اور تمباکو نوشی کی تاریخ شامل تھی۔
محققین نے پایا کہ ان جان لیوا امراض کے زیادہ تر مریضوں میں دو یا اس سے زائد علامات پائی جاتی ہیں، جن میں ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس، ہائی کولیسٹرول اور تمباکو نوشی شامل ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جوان خواتین میں بھی 95 فیصد کیسز میں فالج یا ہارٹ فیلیئر سے پہلے کم از کم ایک خطرناک عنصر موجود ہوتا ہے، حالانکہ عام طور پر انہیں اس بیماری کا کم خطرہ سمجھا جاتا ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں امراض قلب سے ہونے والی اموات سب سے زیادہ ہیں اور ہر سال ایک کروڑ 80 لاکھ سے زائد افراد اس کی وجہ سے زندگی سے محروم ہو جاتے ہیں۔ خاص طور پر موٹاپا، تمباکو نوشی، ناقص غذا اور ذیابیطس ٹائپ 2 جیسے عوامل نے جوانوں میں اس بیماری کے بڑھتے ہوئے کیسز کی شرح میں اضافہ کر دیا ہے، لیکن نوجوان اسے زیادہ تر بزرگوں کا مسئلہ سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں۔
یہ اہم تحقیق جرنل آف دی امریکن کالج آف کارڈیالوجی میں شائع ہوئی ہے، جس نے امراض قلب کی بروقت تشخیص اور علاج کی ضرورت کو اجاگر کیا ہے تاکہ ہزاروں جانیں بچائی جا سکیں۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.