جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

انگور کھانے کے حیرت انگیز فوائد سامنے آگئے

02 اکتوبر, 2025 15:05

انگور نہ صرف ایک مزیدار پھل ہے بلکہ طبی ماہرین کے مطابق صحت کے لیے بھی انتہائی مفید ہے۔

 دنیا بھر میں یہ پھل مختلف رنگوں جیسے سبز، سرخ، نیلا، جامنی اور سیاہ رنگوں میں دستیاب ہوتا ہے، جبکہ اس سے کشمش جیسا خشک میوہ بھی تیار کیا جاتا ہے۔ انگور صحت کے متعدد پہلوؤں پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔

ماہرین کے مطابق انگور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل ہے، جن میں کیروٹین، پولی فینولز اور resveratrol جیسے اجزا شامل ہیں۔ یہ اجزا دل کی صحت کو مستحکم رکھنے، دوران خون بہتر بنانے، بلڈ پریشر کو کم کرنے اور کینسر کے کچھ خطرات کو کم کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ انگور جسم میں فاسد ذرات کو جمع ہونے سے روکتا ہے، جس سے شریانوں کی صحت بہتر ہوتی ہے۔

جلدی بیماریوں کی روک تھام کے لیے بھی انگور مفید مانا جاتا ہے۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق انگور میں موجود resveratrol جلد پر مہاسوں کا باعث بننے والے بیکٹیریا سے لڑنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ عمر رسیدگی کے اثرات کم کرنے میں بھی یہ پھل مؤثر ہے۔

انگور پوٹاشیم کا بھی اچھا ذریعہ ہے۔ ہر 100 گرام انگور میں تقریباً 191 ملی گرام پوٹاشیم پایا جاتا ہے، جو ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول اور پیٹ کی گیس جیسے مسائل میں فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ پوٹاشیم دل کی صحت کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ نظامِ ہضم کو بھی بہتر بناتا ہے۔

بینائی کی بہتری میں بھی انگور کا کردار اہم سمجھا جاتا ہے۔ ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ انگور کھانے سے آنکھوں کے قرنیہ کو نقصان پہنچانے والے مالیکیولز کی پیداوار میں کمی آتی ہے، جس سے آنکھوں کے خلیات محفوظ رہتے ہیں اور بینائی بہتر ہوتی ہے۔

علاوہ ازیں، یہ پھل دماغی صحت کے لیے بھی مفید ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق انگور دماغی تنزلی اور الزائمر جیسے امراض کے خطرے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

جوڑوں کے درد میں مبتلا افراد کے لیے بھی انگور فائدہ مند ہے۔ ٹیکساس ویمنز یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق انگور کھانے کی عادت گھٹنوں کے درد اور سوجن میں کمی لا سکتی ہے، کیونکہ اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جوڑوں کی لچک اور حرکت کو بہتر بناتے ہیں۔

انگور میں قدرتی ورم کش خصوصیات بھی پائی جاتی ہیں جو جسم کے مختلف حصوں میں سوجن کو کم کرنے میں معاون ہوتی ہیں، خاص طور پر شریانوں اور دل کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں۔

مجموعی طور پر دیکھا جائے تو انگور ایک ایسا پھل ہے جو نہ صرف ذائقہ دار ہے بلکہ اسے معمول کی خوراک کا حصہ بنا کر کئی بیماریوں سے بچاؤ ممکن ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔