جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

برگر، پیزا کھانے کے شوقین خبردار!! کون سی خطرناک بیماریاں ہوسکتی ہیں؟ ماہرین نے خطرے کی گھنٹی بجادی

06 اکتوبر, 2025 16:17

اگر آپ برگر، پیزا یا دیگر جنک فوڈ کے شوقین ہیں تو محتاط ہو جائیں کیونکہ چند دن تک مسلسل ایسی غذاؤں کا استعمال دماغی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

امریکا کی یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا اسکول آف میڈیسن کی نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہماری خوراک دماغی صحت پر ہماری توقع سے زیادہ گہرے اثرات مرتب کرتی ہے۔ جنک فوڈ یادداشت کے نظام کو متاثر کرتا ہے اور یادداشت کمزور ہونے کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

محققین نے چوہوں پر تجربات کیے جنہیں زیادہ چکنائی اور چربی والی خوراک کھلائی گئی، اور صرف چار دن کے اندر ہی دماغی خلیات پر منفی اثرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے۔ یہ دماغی خلیات اپنی سرگرمیاں تیزی سے بدلنے لگے جس کے باعث یادداشت متاثر ہونے کا خطرہ فوری طور پر بڑھ گیا۔ ماہرین نے کہا کہ چکنائی سے بھرپور فاسٹ فوڈز کا فوری منفی اثر جسمانی وزن بڑھنے یا ذیابیطس جیسے امراض سے پہلے ظاہر ہوتا ہے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ جنک فوڈز کا طویل استعمال نہ صرف یادداشت کو کمزور کرتا ہے بلکہ الزائمر اور ڈیمینشیا جیسے سنگین دماغی امراض کے خطرات کو بھی بڑھا دیتا ہے۔ یہ بات کینیڈا کی میک ماسٹر یونیورسٹی کی ایک تحقیق سے بھی ثابت ہوئی ہے جس میں 6 ہزار سے زائد بالغ افراد کا ڈیٹا شامل تھا۔ اس تحقیق کے مطابق جنک فوڈز کا زیادہ استعمال ہائی بلڈ پریشر، کولیسٹرول، موٹاپا اور انسولین مزاحمت جیسے مسائل کا باعث بنتا ہے، جبکہ متوازن غذا استعمال کرنے والوں میں یہ خطرات کم پائے گئے۔

الٹرا پراسیسڈ غذائیں نہ صرف ذیابیطس ٹائپ 2 اور موٹاپا بڑھاتی ہیں بلکہ امراضِ قلب، ہائی کولیسٹرول اور جسمانی سوزش جیسے مسائل کا سبب بھی بنتی ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دماغی صحت کو برقرار رکھنے کے لیے متوازن اور صحت مند غذا کا استعمال نہایت ضروری ہے تاکہ یادداشت اور دماغی کارکردگی متاثر نہ ہو۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔