کیا سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دل کی رفتار بڑھ جانا خطرناک ہے؟ ماہرین نے بتادیا

Is an Increased Heart Rate While Climbing Stairs Dangerous? Experts Reveal the Truth
کیا آپ نے کبھی سیڑھیاں چڑھتے ہوئے اچانک دل کی دھڑکن تیز ہونے کا تجربہ کیا ہے؟ بعض افراد میں یہ کیفیت چند لمحوں کے لیے ہوتی ہے جبکہ کچھ افراد کا دل معمول سے زیادہ دیر تک تیزی سے دھڑکتا رہتا ہے، جس سے اکثر افراد فکرمند ہو جاتے ہیں۔
تاہم، طبی ماہرین کے مطابق سیڑھیاں چڑھتے وقت دل کی دھڑکن تیز ہونا ایک عام جسمانی ردعمل ہے، مگر بعض صورتوں میں یہ کسی پوشیدہ طبی مسئلے کی علامت بھی ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق سیڑھیاں چڑھنا عام سطح پر چلنے کی نسبت زیادہ توانائی طلب عمل ہے۔ اس دوران ٹانگوں اور رانوں کے پٹھوں کو زیادہ آکسیجن کی ضرورت ہوتی ہے، جس کے باعث دل تیزی سے خون پمپ کرتا ہے تاکہ جسم کی آکسیجن کی طلب پوری ہو سکے۔ عام طور پر یہ کیفیت سیڑھیاں چڑھنے کے فوراً بعد ایک سے دو منٹ میں ختم ہو جاتی ہے اور دل کی دھڑکن معمول پر آ جاتی ہے۔
تاہم، اگر دل کی شریانیں کمزور ہوں یا آپ جسمانی طور پر غیر فعال ہوں تو سیڑھیاں چڑھتے ہوئے دل کی دھڑکن غیر معمولی حد تک بڑھ سکتی ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق جسمانی سرگرمیوں سے دور رہنے والے افراد میں معمولی محنت پر بھی دل کی دھڑکن 30 سے 40 فیصد تک بڑھ جاتی ہے۔
اس کے علاوہ، تناؤ، کیفین کا زیادہ استعمال اور پانی کی کمی بھی دل کی دھڑکن میں تیزی کا باعث بن سکتے ہیں۔ تناؤ کی حالت میں جسم adrenaline ہارمون خارج کرتا ہے، جو دل کی دھڑکن کو بڑھا دیتا ہے۔ کیفین کے استعمال اور پانی کی کمی کی صورت میں بھی دل کو معمول سے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، جس کے نتیجے میں دھڑکن تیز ہو جاتی ہے۔
کچھ افراد کے لیے یہ کیفیت ممکنہ طبی مسائل کی علامت ہو سکتی ہے۔ خون کی کمی، تھائی رائیڈ کے مسائل، ہائی بلڈ پریشر یا دل کی دھڑکن کی بے ترتیبی جیسے امراض سیڑھیاں چڑھنے پر دل کی دھڑکن میں غیر معمولی اضافہ کر سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دل کی دھڑکن تیزی سے بڑھنے کے ساتھ ساتھ سانس لینے میں دشواری، سینے میں تکلیف یا چکر جیسے علامات بھی ظاہر ہوں تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہیے۔
واضح رہے کہ یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع شدہ تحقیقی معلومات پر مبنی ہے۔ قارئین کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ اس حوالے سے کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے قبل اپنے معالج سے ضرور مشورہ کریں۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.