جمعہ، 10-اکتوبر،2025
جمعہ 1447/04/18هـ (10-10-2025م)

آنکھوں کی سرجری کروانے والی معروف سوشل میڈیا اسٹار انتقال کر گئیں

09 اکتوبر, 2025 13:27

برازیل میں معروف سوشل میڈیا اسٹار اور فیشن انفلوئنسر ایڈیئر مینڈیز ڈوٹرا جونیئر، جنہیں انسٹاگرام پر ‘جونیئر ڈوٹرا’ کے نام سے جانا جاتا تھا، انتقال کر گئیں۔

 غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 31  سالہ جونیئر ڈوٹرا نے آنکھوں کی کاسمیٹک سرجری، جسے ’فاکس آئیز‘ کہا جاتا ہے، کروائی تھی جس کے بعد انہیں پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ جونیئر نے مارچ 2025 میں برازیل کے معروف سرجن فرنینڈو گاربی سے یہ سرجری کروائی تھی، جس کا مقصد آنکھوں کے کونوں کو اُٹھا کر بلی جیسی پرکشش آنکھوں کی شکل دینا تھا۔ تاہم سرجری کے بعد ان کے چہرے پر شدید سوجن اور نیلاہٹ ظاہر ہوئی، جس کا انہوں نے اپنی ویڈیوز میں ذکر کیا۔ یہ ویڈیوز بعدازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

سرجری کے بعد پیدا ہونے والی پیچیدگیوں پر بات کرتے ہوئے جونیئر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ انفیکشن کا شکار ہو چکی ہیں اور جلد کے ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی علاج جاری ہے۔ انہوں نے سرجری کرنے والے ڈاکٹر کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی، جس میں سنگین طبی غفلت، دھوکہ دہی اور جسمانی نقصان جیسے الزامات شامل تھے۔

رپورٹس کے مطابق 3 اکتوبر 2025 کو جونیئر کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہوا جس پر انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکیں۔ ان کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آئی، تاہم خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ پیچیدگیاں سرجری کے بعد پیدا ہونے والے انفیکشن کا نتیجہ تھیں۔

جونیئر ڈوٹرا کی موت نے کاسمیٹک سرجری کے ممکنہ خطرات اور انڈسٹری میں بڑھتے ہوئے غیر معیاری طریقوں پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔