ہفتہ، 29-نومبر،2025
جمعہ 1447/06/07هـ (28-11-2025م)

اچھی صحت کیلئے ہر ہفتے کتنے قدم چلنا ضروری ہوتا ہے؟ ماہرین نے بتادیا

23 اکتوبر, 2025 10:44

اگر آپ روزانہ ورزش یا جم جانے کا وقت نہیں نکال پاتے، تو فکر نہ کریں۔ صحت مند رہنے کے لیے آپ کو زیادہ وقت درکار نہیں۔

 ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر آپ ہفتے میں صرف ایک یا دو دن کم از کم 4 ہزار قدم چلتے ہیں تو آپ قلبی امراض کے خطرے کو نمایاں طور پر کم کر سکتے ہیں۔ یہ تحقیق "برٹش جرنل آف اسپورٹس میڈیسن” میں شائع ہوئی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ آپ کو روزانہ 7 سے 10 ہزار قدم چلنے کی ضرورت نہیں۔ درحقیقت، ہفتے میں صرف ایک یا دو دن چند ہزار قدم چل کر بھی دل کی بیماریوں سے موت کے خطرے میں کمی آ سکتی ہے۔

اس تحقیق میں ساڑھے 13 ہزار سے زیادہ خواتین کو شامل کیا گیا، جن کی اوسط عمر 71 سال تھی۔ ان خواتین کی جسمانی سرگرمیوں کا ڈیٹا 2011 سے 2015 تک اکٹھا کیا گیا۔ تحقیق کے دوران ان خواتین کی صحت کا جائزہ 11 سال تک لیا گیا۔ تحقیق کے شروع میں یہ خواتین امراض قلب اور کینسر سے محفوظ تھیں۔

تحقیق کے دوران 1765 خواتین کا امراض قلب کے باعث انتقال ہوا، جبکہ 781 خواتین میں ان بیماریوں کی تشخیص ہوئی۔ اس تحقیق سے یہ ثابت ہوا کہ جن خواتین نے ہر ہفتے ایک یا دو دن 4 ہزار قدم چلنے کی عادت ڈالی، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 26 فیصد تک کم ہو گیا، اور امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہو گیا۔

اسی طرح، جن خواتین نے ہفتے میں تین دن اتنے قدم چلنے کی کوشش کی، ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 40 فیصد اور امراض قلب سے موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم ہو گیا۔ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ اگر خواتین ہفتے میں 3 یا اس سے زیادہ دنوں تک 5 سے 7 ہزار قدم چلیں، تو کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 32 فیصد اور امراض قلب سے موت کا خطرہ 16 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔

محققین نے اس تحقیق کے حوالے سے کہا کہ یہ صرف مشاہدہ ہے اور اس میں وجہ کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ روزانہ 10 ہزار قدم چلنا ضروری نہیں ہے۔ ایک یا دو دن میں چند ہزار قدم چلنا بھی دل کی بیماریوں اور دیگر جان لیوا امراض کے خطرے کو کم کر سکتا ہے۔

اس تحقیق سے پہلے اگست 2025 میں امریکہ کی "Vanderbilt یونیورسٹی میڈیکل سینٹر” نے ایک اور تحقیق کی تھی، جس میں بتایا گیا تھا کہ روزانہ کم از کم 15 منٹ تک تیز قدمی کرنے سے اتنے ہی فوائد ملتے ہیں جتنے 150 منٹ کی معتدل یا سخت ورزش سے حاصل ہوتے ہیں۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔