ہفتہ، 28-فروری،2026
جمعہ 1447/09/10هـ (27-02-2026م)
تازہ ترین خبریں

جوان افراد میں کینسر کی کون سی 6 اقسام تیزی سے پھیل رہی ہیں؟ نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجادی

25 فروری, 2026 10:10

امریکا میں کی جانے والی ایک نئی طبی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جوان افراد میں کینسر کی چند اقسام تیزی سے بڑھ رہی ہیں۔ یہ اضافہ کچھ خاص ممالک میں معمر افراد کے مقابلے میں زیادہ نمایاں ہے۔

ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق کے مطابق 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے کیسز بڑھنے لگے ہیں۔ محققین نے دو بڑے عالمی کینسر ڈیٹا بیسز کا تجزیہ کیا تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ نوجوانوں میں کینسر کے واقعات کس حد تک بڑھ رہے ہیں۔

تحقیق میں سامنے آیا کہ اگرچہ اب بھی کم عمر اور درمیانی عمر کے افراد میں کینسر کی تشخیص نسبتاً کم ہوتی ہے، تاہم کچھ اقسام کی شرح بہت تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ 2000 سے 2017 کے درمیان کم از کم 10 ممالک میں 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کے 13 اقسام کے کیسز میں اضافہ دیکھا گیا۔

ان میں سے چھ اقسام — آنتوں، لبلبے، مثانے، گردے، خون اور سرویکل کینسر — پانچ ممالک میں جوان افراد میں معمر افراد کے مقابلے میں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہیں۔ خاص طور پر آنتوں کا کینسر نوجوانوں میں بہت عام ہو رہا ہے۔ دنیا بھر میں 50 سال سے کم عمر افراد میں ہونے والے کینسر کے تقریباً 10 فیصد کیسز آنتوں کے کینسر سے جڑے ہیں۔

محققین کا کہنا ہے کہ اگر یہی رجحان برقرار رہا تو 2030 تک 20 سے 34 سال کے افراد میں آنتوں کے کینسر کی شرح 90 فیصد اور 35 سے 49 سال کی عمر کے افراد میں 46 فیصد تک بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جوان افراد میں کینسر کے پھیلاؤ کی ایک بڑی وجہ موٹاپا ہے۔ علاوہ ازیں مغربی طرز کی غذا اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی بھی خطرے کو بڑھاتی ہے۔ محققین نے اس مسئلے پر مزید تحقیقات کی ضرورت پر زور دیا ہے تاکہ عالمی سطح پر کینسر کے بڑھتے ہوئے رجحان کو سمجھا جا سکے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔