راہداری ریمانڈ کی استدعا مسترد، علی امین گنڈاپور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

اسلام آباد : عدالت نے بھکر پولیس کے تین روزہ راہداری ریمانڈ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ احتشام عالم کی عدالت میں پیش کر دیا گیا۔
علی امین گنڈاپور کے وکیل بابر اعوان اور تفتیشی افسر عبد الستار کمرہ عدالت میں موجود تھے۔ پراسیکیوٹر کی جانب سے علی امین گنڈاپور کا مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ وائس میچنگ کروا لی گئی ہے؟ تفتیشی افسر نے کہا کہ جی وائس میچنگ کروا لی گئی ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ تو آپ کو مزید جسمانی ریمانڈ کس بات کا چاہیے؟ تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کرنا ہے۔ عدالت نے پراسیکیوٹر کی مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : علی امین گنڈاپور کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 2 روز کی توسیع
بھکر پولیس کی جانب سے علی امین گنڈاپور کے تین روزہ راہداری ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ جج نے استفسار کیا کہ تین دن کا راہداری ریمانڈ کیوں مانگ رہے ہیں؟ کیا امریکہ لے کر جانا ہے؟ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ لگتا ہے مجھے گھوڑے پر بھکر لے کر جانا ہے۔
بابر اعوان نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کو کسی بھی صوبے کی پولیس کے حوالے کرنے سے اسلام آباد ہائیکورٹ نے روک دیا ہے، جس پر جج نے کہا کہ عدالت کے پاس ابھی کوئی فیصلہ موصول نہیں ہوا۔
بابر اعوان نے استدعا کی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مختصر فیصلہ سنا دیا، راہداری ریمانڈ پر فیصلہ روک لیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈاپور کو شامل تفتیش کرنے کیلئے سی ٹی ڈی اہلکار عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت سے استدعا کردی، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ اجازت دے دی۔
عدالت نے رہنما تحریک انصاف علی امین گنڈا پور کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ عدالت نے تھانہ سی ٹی ڈی کو علی امین گنڈاپور کو شامل تفتیش کرنے کی اجازت دے دی۔
علی امین گنڈاپور کی بھکر پولیس کو حوالگی کا معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عدالت نے پی ٹی آئی رہنماء کو دوسرے صوبے کی پولیس کے حوالے کرنے سے روک رکھا ہے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










