منگل، 17-فروری،2026
منگل 1447/08/29هـ (17-02-2026م)

تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی نہیں ہونی چاہیے : وزیر اعظم

18 اپریل, 2023 15:39

اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ثاقب نثار پی کے ایل آئی کے ڈاکٹر سعید کو عدالت بلا کر بے عزت کرتے تھے، تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن میں علاج کی سہولیات کے باقاعدہ آغاز کا افتتاح کردیا۔

اس حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ اسپتال کا پہلا فیز آپریشنل ہوچکا ہے۔ اسپتال میں مریضوں کا بہترین طریقے سے علاج کیا جا رہا ہے۔ علاج معالجے کی سہولیات پر مطمئن ہوں۔ مریضوں کا علاج کرنا بہت بڑی عبادت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسپتال کی بنیاد 2009 میں رکھی تھی، 2013 میں فنڈز مہیا کئے گئے۔ اسپتال کی تعمیر میں 5 ارب روپے لگ چکے ہیں۔ پچھلی حکومت نے باقی منصوبوں کی طرح اسے بھی نظرانداز کیا تھا۔ کورونا کے دور میں بھی اس اسپتال نے بے پناہ خدمات انجام دیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ اسپتال راولپنڈی میں کورونا کا بڑا سینٹر بن گیا تھا۔ اسی طرح لاہور میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) میں بھی جگر اور گردے کی پیوندکاری کے سینکڑوں مریضوں کے علاج کا انتظام کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو مکمل صادق اور امین قرار نہیں دیا تھا : سابق چیف جسٹس ثاقب نثار

بات جاری رکھتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے مجھ پر اس معاملہ میں20 ارب روپے ضائع کرنے کا الزام عائد کیا، وہ تو ہفتہ اور اتوار کو بھی عدالتیں لگاتے تھے، قوم کو کیوں نہیں بتایا کہ یہ پیسے کیسے ہڑپ کئے گئے؟

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر یہ 20 ارب روپے غرق ہوگئے تھے تو پھر کورونا میں پی کے ایل آئی کورونا کے مریضوں کے علاج کے لئے ایک بڑا مرکز کیسے بن گیا تھا؟ وہاں پر 200 وینٹی لیٹرز مشینیں موجود تھیں اور اس انسٹی ٹیوٹ سے کورونا کے مریض دن رات شفا یاب ہورہے تھے۔ ہم پی کے ایل آئی کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ممتاز معالج ڈاکٹر سعید اختر امریکا سے میرے کہنے پر لاکھوں ڈالر تنخواہ چھوڑ کر مریضوں کی خدمت کے لئے پاکستان آئے تھے اور میں نے انہیں کہا تھا کہ گردے کے ساتھ ساتھ جگر کی پیوند کاری کا بھی اسپتال میں انتظام ہونا چاہیئے، اس سے پہلے پنجاب حکومت اربوں روپے خرچ کرکے گردوں اور جگر کے مریضوں کو علاج کےلئے ہندوستان اور چین بھجواتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلے ثاقب نثار اپنے بھائی کو پی کے ایل آئی میں لگانا چاہتے تھے۔ ثاقب نثار ڈاکٹر سعید کو عدالت بلاکر بے عزت کرتے تھے۔ سابق چیف جسٹس سیاسی دکان چمکا رہے تھے۔ تعلیم اور صحت کے میدان میں سیاست کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔