بلوچستان میں غیر متوقع بارشوں سے معلامات زندگی شدید متاثر، مختلف اضلاع میں تباہی

کوئٹہ : صوبے میں غیر متوقع بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث فصلوں، باغات اور مواصلاتی نظام کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
بلوچستان میں گزشتہ روز بعض مقامات پر تیز ہواؤں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ غیر متوقع بارشیں ہوئیں۔ اوتھل ویارو کے قریب پل گرنے سے کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ ٹریفک کے لئے بند ہوگئی۔ سبی میں سوناری پل کو بارش کے باعث نقصان پہنچا، جس کی بحالی کے لیے کام جاری ہے۔
صوبے کے بیشترعلاقوں میں آج بھی مطلع جزوی ابر آلود ہے۔ لسبیلہ، کچ، لورلائی، چمن، زیارت، قلات، مستونگ، بارکھان، دالبندین، پنجگور، تربت، ژوب، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ، رکھنی، ہرنائی اور کوہ سلیمان رینج میں تیز آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
کوہلو کی سب تحصیل تمبو میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور شدید ژالہ باری کی توقع ہے، جہاں گندم کی کھڑی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے، سیلابی ریلوں میں ایک درجن سے زائد مویشیاں بہہ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں ایف سی کے زیر انتظام ڈیجیٹل لرننگ سلسلے سے ہزاروں طلباء مستفید ہونے لگے
زیارت کے علاقے زڑگی اور منڑہ میں شدید ژالہ باری ہوئی، جس سے فصلیں خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ ہرنائی میں بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال کا سامنا ہے۔ سیلابی ریلوں کے باعث ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ بڑی گاڑیوں کے لئے بند ہے۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بارشوں کا اسپیل ختم ہونے تک ٹرانسپورٹرز سندھ اور پنجاب کے لئے محدود آمدورفت کریں۔ موجودہ اسپیل 27 اپریل سے شروع ہوا۔ جو 3 مئی تک جاری رہے گا۔
پنجگور میں دیوار گرنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے، جس سے بارشوں کے دوران مختلف واقعات میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہوگئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اے کی ریسکیو فورس سمیت تمام ٹیمیں الرٹ پر ہیں۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









