اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا : شاہ محمود قریشی

اسلام آباد : پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ الیکشن ایسے ماحول میں ہوں کہ نتائج سب کو قابل قبول ہوں، اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔
تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 19 تاریخ کو سپریم کورٹ نے تجویز دی تھی کہ سیاسی جماعتیں بیٹھ کر کوئی حل نکالیں۔ اس مثبت سوچ کو سامنے رکھتے ہوئے پی ٹی آئی نے تین رکنی مذاکراتی کمیٹی تشکیل دی۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ ذمہ داری سونپی گئی کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کریں۔ حکومت کی مذاکراتی کمیٹی میں جے یو آئی کے علاوہ حکومتی اتحادی تمام جماعتیں شامل ہوئیں۔ ہم نے کوشش کی کہ کسی حل کی طرف جا سکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس چیز پر متفق ہوئے کہ سیاسی جماعتوں کو کسی متفقہ حل پر اتفاق ہونا چاہیے۔ ہم اس چیز پر متفق ہوئے اس مذاکراتی عمل کو کسی تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہ کیا جائے۔ ہم اس چیز پر بھی متفق ہوئے کہ اتفاق کی صورت میں عملدرآمد پر ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ پنجاب میں چودہ مئی کو انتخابات ہو جائیں۔ پی ڈی ایم کا شروع میں یہ مؤقف تھا کہ انتخابات ایک وقت پر ہوں۔ گیارہ، بارہ اگست کو ایک دن اسمبلیاں تحلیل کی جائیں۔ سندھ، بلوچستان اور قومی اسمبلی کو 14 مئی سے پہلے تحلیل ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں : انتخابات وقت پر ہونے چاہئیں، صرف پنجاب میں الیکشن سازش ہے: بلاول بھٹو
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا مؤقف تھا کہ الیکشن 60 کے اندر ہو جانے چاہیں۔ ہم نے تجویز دی کہ پی ٹی آئی قومی اسمبلی میں جانے اور آئینی ترمیم میں کردار کرنے کے لیے تیار ہے۔ ہمارا یہ معاہدہ تحریری ہونا چاہیے اور اس کو سپریم کورٹ میں جمع کروانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن ایسے ماحول میں ہوں کہ نتائج سب کو قابل قبول ہوں۔ ہم نے قومی مفاد میں لچک دکھائی۔ ایک دن انتخابات کروانے کی تجاویز کو تسلیم کیا۔ آئینی قدغن سے بچنے کے لیے بھی اپنا کردار کرنے کے لیے تیار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور الیکشن کی تاریخ پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا۔ ہماری تجویز مثبت اور قابل قبول تھی۔ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کو ہماری تجویز تسلیم کرنے میں مشکل ہو رہی ہے۔ ہم سپریم کورٹ میں اپنا مؤقف پیش کر دیں گے۔ بتائیں گے کہ مذاکرات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









