پیر، 16-فروری،2026
پیر 1447/08/28هـ (16-02-2026م)

ہزارہ برادری کی پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کیلئے تصدیق کی شرط ختم کردی گئی

03 مئی, 2023 13:51

اسلام آباد : عدالت نے ہزارہ برادری کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کیلئے ایم این اے، ایم پی اے یا چیئرمین یونین کونسل کی تصدیق کی شرط ختم کر دی۔

سپریم کورٹ میں ہزارہ برادری کی ٹارگٹ کلنگ کیخلاف از خود نوٹس پر سماعت ہوئی۔  چیف جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سماعت کی۔

جسٹس اطہر من اللہ نے ہزارہ برادری کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا ہزارہ برادری کے مسائل حل ہوگئے ہیں؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ بینک اکاؤنٹس اور نادرا سے متعلقہ مسائل تاحال حل نہیں ہوئے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ وفاقی حکومت نے جواب جمع کرا دیا ہے۔ ہزارہ برادری کے بینک اکاؤنٹس، پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کے تمام مسائل حل ہوگئے ہیں۔ اب ہزارہ برادری کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بنوانے کیلئے کسی قسم کی تصدیق کی ضرورت نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عدالتی اصلاحاتی بل : سپریم کورٹ نے تمام فریقین سے 8 مئی تک جواب طلب کرلیا

جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیئے کہ کسی بھی شہری بالخصوص ہزارہ برادری کو ہراساں نہ کیا جائے۔ یہ از خود نوٹس جس مقصد کیلئے لیا گیا تھا کیا وہ مقصد پورا ہوگیا۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت نے ہزارہ برادری کے مسائل کے حل سے متعلق لیٹر جمع کرا دیا ہے۔ سپریم کورٹ وفاقی حکومت کی یقین دہانی کے بعد مزید کیس کو آگے نہیں چلانا چاہتی۔

عدالت نے حکم دیا کہ یورپ اور آسٹریلیا سے آنیوالے ہزارہ برادری کے افراد کو کوئٹہ ایئر پورٹ پر ہراساں نہ کیا جائے۔ مغوی علی رضا کی بازیابی کیلئے وزارت داخلہ بلوچستان حکومت سے تعاون کرے۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کی ہزارہ برادری کے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر کیس نمٹا دیا۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔