عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع

لاہور : عدالت نے سرکاری وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کے حوالے سے درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی۔
عدالت نے سرکاری وکیل کی عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کا حکم واپس لینے کی استدعا مسترد کردی۔ جسٹس طارق سلیم شیخ نے ریمارکس دیئے کہ مجھے سمجھ نہیں آتی ہر کیس میں گرفتاری کیوں درکار ہوتی ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پرویز الہٰی کے گھر پر جو کچھ ہوا، اس کے بعد آپ کو اپنی آنکھیں بند نہیں کرنی چاہیے۔ پیر تک گرفتار نہیں ہوں گے، تو کچھ فرق نہیں پڑتا۔ ان کا ویک اینڈ اچھا گزر جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پنجاب پولیس کا کچے میں آپریشن، پیش قدمی جاری، پانچ ڈاکوؤں نے سرنڈر کردیا
عثمان بزدار کے وکیل نے کہا کہ صورتحال یہ ہے کہ آئے روز چھاپے مارے جا رہے ہیں، مقدمات کو خفیہ رکھا جا رہا ہے۔ اینٹی کرپشن اور پولیس کی جانب سے ہفتے اور اتوار کو مسلسل چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ لوگ اپنے گھروں میں جا نہیں سکتے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ شامل تفتیش ہوئے ہیں؟ جس پر سرکاری وکیل نے بتایا کہ عثمان بزدار ابھی تک شامل تفتیش نہیں ہوئے۔
عدالت نے واضح کردیا کہ آپ وزیر اعلیٰ رہے ہوں گے، مگر یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ مجھے جب بلایا گیا، تب کورونا میں مبتلاء تھا۔ کل بھی تین گھنٹے اینٹی کرپشن میں موجود رہا بتایا گیا کہ کوئی کیس نہیں ہے۔
عدالت نے عثمان بزدار کو گرفتار نہ کرنے کے حکم میں 8 مئی تک توسیع کرتے ہوئے کیس لارجر بینچ کو بھجوا دیا۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












