یہ قانون کیا آئین توڑنے کو بھی تیار ہیں، عجیب لیڈر ہیں، جو اپنی قوم سے ڈرتے ہیں : اسد عمر

لاہور : پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ یہ قانون کیا آئین توڑنے کو بھی تیار ہیں، عجیب سیاسی اور جمہوری لیڈر ہیں، جو اپنی قوم سے ڈرتے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنماء اسد عمر نے لاہور کی انسدادِ دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور دہشت گردی کے مقدمے کے سلسلہ میں آئے ہوئے ہیں۔ کوئی گواہ نہیں۔ یہ سب دباؤ ہمیں انتخابات کے مطالبے سے پیچھے ہٹانے کی کوشش ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ کہتے تھے کہ اگر ایک دن الیکشن نہ ہوا تو پتہ نہیں کیا ہو جائے گا، ان کے سامنے یہ چیز رکھی گئی کہ الیکشن اگلے مالی سال میں ہو گا اور ایک ہی دن ہو گا، یہ وہ بھی ماننے کو تیار نہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ عوام کا سامنا نہیں کر سکتے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ قانون کیا آئین توڑنے کو بھی تیار ہیں۔ دیکھتے ہیں سپریم کورٹ کا فیصلہ کیا آتا ہے۔ عجیب سیاسی اور جمہوری لیڈر ہیں، جو اپنی قوم سے ڈرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ہوش کے ناخن لیں، انتخابات کرائیں، کیا بند کمروں میں چند لوگ فیصلہ کریں گے؟ فرخ حبیب
پی ٹی آئی رہنماء نے کہا کہ کل اسلام آباد ہائیکورٹ نے واضح ہدایت دیں کہ ہمارا آئینی حق ہے، ہمیں ریلی کی اجازت دی جائے۔ آج صبح ڈی سی نے اجازت معطل کر دی۔ طاقت کا زور ہے۔ یہ خود بھی ڈوبیں گے، ساتھ ملک کو بھی لے کر ڈوب رہے ہیں۔ اب ان کے اپنے اندر بھی دراڑیں پیدا ہو گئی ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج عمران خان کی کال پر پورے پاکستان کے لوگ نکلیں گے۔ پرامن طریقے سے اپنا پیغام پہنچائیں گے۔ عوام اپنے آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان زمان پارک سے خود ریلی لیڈ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری انڈیا سے سوائے ذلت کمانے کے اور کیا لے کر آیا ہے۔ بغیر بھارت کے کوئی ہاتھ بڑھائے، یہ وہاں پہنچ گئے۔ وہاں پہنچ کر بھی بھارت نے ہاتھ نہیں بڑھایا، یہ نمستے کر کے آ گئے۔ یہ صرف بیرونی آقاوؤں کو خوش کرنا چاہ رہے ہیں کہ دیکھیں ہم کتنے تابعدار ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے اب تک جتنے فیصلے دیئے، سب آئینی دیئے۔ ہم نے پہلے بھی کسی جج پر ذاتی حملہ نہیں کیا۔ بائیس کروڑ سے زائد عوام کا ملک آئین کے بغیر نہیں چلے گا۔ پاکستان جیسے ملک میں جب آئین نہ ہو تو وہی ہو گا، جو ابھی ہو رہا ہے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









