اتوار، 15-فروری،2026
اتوار 1447/08/27هـ (15-02-2026م)

لاڈلے کو اتنا بڑا ریلیف نہ ملتا تو یہ فتنہ بوتل میں بند ہوچکا ہوتا:رانا ثنا اللہ

13 مئی, 2023 17:48

اسلام آباد: رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ دہشت گرد جماعت نے محنت سے ملک بھر میں فسادی تیار کیے، اس فتنے نے ایک فرقہ تیار کیا ہے، لاڈلے کو اتنا بڑا ریلیف نہ ملتا تو یہ فتنہ بوتل میں بند ہوچکا ہوتا۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عمران خان سیاسی لیڈر نہیں، فتنہ ہے، عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری اور فساد پھیلانا ہے، 9 سے 12 مئی تک املاک پر حملے کیے گئے، اس فتنے نے ایک فرقہ تیار کیا ہے، یہ سیاسی کارکن یا سیاسی جماعت نہیں، انہوں نے دفاعی تنصیاب پر حملے کیے، لوگوں کے گھروں پر حملے کیے گئے، مخالفین کے گھروں پر حملے ہمارا کلچر نہیں، یہ کلچر اس فتنے نے لوگوں کو دیا ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ مریضوں کو نکال کر ایمبولینس کو آگ لگائی گئی، پی ٹی آئی کارکنان نے ریڈیو پاکستان کی عمارت کو آگ لگائی، شہدا اور غازیوں کی یادگار کو آگ لگانا سیاسی کارکنوں کا کام نہیں، جنہوں نے حملے کیے کیا ان کے گھر یہاں نہیں ہیں؟، 9 مئی کو اسلام آباد میں 12 جگہوں پر احتجاج ہوا، 700 لوگ اس احتجاج میں شریک ہوئے، کے پی میں 126 مقامات پر احتجاج میں 19 سے 22 ہزار لوگ شریک ہوئے،10 مئی کو ان مظاہروں کی تعداد کم ہوئی، 9 مئی کو پورے ملک میں 40 سے 45 ہزار لوگوں نے احتجاج کیا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری غیر قانونی قرار، سپریم کورٹ کا فوری رہا کرنے کا حکم

ان کا کہنا تھا کہ 23 کروڑ لوگوں میں سے یہ 45 ہزار لوگ احتجاج کیلئے باہر نکلے، عمران خان ایک سال سے ان لوگوں کی ٹریننگ کررہا تھا، ان کو پیٹرول بم بنانے کے طریقے سکھائے جارہے تھے، ان کے احتجاج کا طریقہ کار پورے ملک میں ایک جیسا تھا، انہوں نے احتجاج نہیں کیا بلکہ دکانوں، مویشی منڈیوں کو لوٹا، کئی جگہوں پر بینکوں کو بھی لوٹنے کی کوشش کی گئی، جناح ہاؤس لاہور سے سوئی تک لوٹ لی گئی، جناح ہاؤس لاہور سے کپڑے، بیڈ شیٹس تک لوٹ لی گئیں، عمران خان نے 60 ارب روپے لوٹے، وہ کہہ بھی نہیں سکتا اس نے نہیں لوٹا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو کسی بھی مقدمے میں گرفتارکرنے سے روک دیا

انہوں نے کہا کہ 23 کروڑ لوگوں میں سے چند ہزار لوگوں کو ٹرینڈ کیا گیا، کونسی سیاسی جماعت کیلئے اتنے بندے ٹرینڈ کرنا مشکل ہے؟، یہ کہتا رہا مجھے گرفتار کیا گیا تو آپ نے کیسے ردعمل دینا ہے، اس کی ایما پر لوگوں کے گھر جلائے گئے، اس طرح کی دہشتگردی کی سیاست کی اجازت نہیں دی جائے گی، جیسا ریلیف عمران خان کو دیا گیا ایسا کسی کو نہیں ملا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ دہشت گرد جماعت نے محنت سے ملک بھر میں فسادی تیار کیے، ان مٹھی بھر لوگوں کیخلاف طاقت کا استعمال نہیں کیا، طاقت کا استعمال اس لیے نہیں کیا گیا تاکہ یہ بے نقاب ہوں، سیاست کی آڑ میں دہشت گردوں، شرپسندوں کو منظم کیا گیا، ہر شہر میں 8 سے 10 افراد پر مشتمل ان کا گینگ ہے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں میں ان کی شناخت ہوچکی ہے، ان کو بخشا نہیں جائے گا ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، لاڈلے کو اتنا بڑا ریلیف نہ ملتا تو یہ فتنہ بوتل میں بند ہوچکا ہوتا۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔