پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی منظوری

لاہور : وزیر اعلیٰ نے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ پولیس حکام کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ کریں۔
نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں امن وامان کی صورتحال اور 9 مئی کے دہشت گردی کے واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس مٰں آرمی تنصیبات اور املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی اور پنجاب میں شرپسندوں کے خلاف مقدمات کے لئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دینے کی اصولی منظوری دے دی گئی۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کی گرفتاری جلد از جلد یقینی بنانے کا حکم دیا اور دہشت گردی کے واقعات کے اصل ذمہ داروں کی شناخت کے لئے تمام سکیورٹی اداروں کے باہمی اشتراک پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سرکاری املاک پر حملہ کرنے والے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائیگا : محسن نقوی
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 32 مقامات کی جیو فینسنگ کر کے ملزمان کو ٹریس کیا جارہا ہے۔ محسن نقوی نے گرفتار افراد پر الزامات کی تصدیق کیلئے فول پروف طریقہ کار اپنانے اور ملزموں، سہولت کاروں اور ماسٹر مائنڈز تک پہنچنے کیلئے مؤثر میکانزم وضع کرنے کی ہدایت کی۔
نگراں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تصاویر اور ویڈیوز میں چہرے سے شناخت کیلئے نادرا کے ڈیٹا بیس سے مدد لی جارہی ہے۔ پولیس حکام کسی بھی بے گناہ کی گرفتاری نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے پروفیشنل طریقے سے کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ تمام شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی کو پیشہ ورانہ طریقے سے آگے بڑھایا جائے۔ پروفیشنل اور قانونی لحاظ سے مؤثر تفتیش مکمل ہونے کے بعد پراسیکیوشن اپنا کام بہتر طریقے سے کرے تاکہ کوئی بھی ذمہ دار بچ نہ پائے۔
اجلاس میں چیف سیکریٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری قانون، سیکریٹری پبلک پراسیکیوشن، کمشنر لاہور ڈویژن، تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










