فوج سے زیادتی ہوئی، عمر عطاء بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کرنا چاہیئے : خورشید شاہ

اسلام آباد : وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ جسٹس آف پاکستان کو اس کرپشن کا مکمل علم تھا، عمر عطاء بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کرنا چاہیئے، فوج سے انصاف کے ادارے نے زیادتی کی۔
وفاقی وزیر برائے آبی وسائل سید خورشید شاہ کی موجودہ صورت حال پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ پاکستان سے غیر قانونی طریقے سے برطانیہ جانے والی رقم کو پاکستان لانے کیلئے ڈیل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ میں پیسے سپریم کورٹ میں جمع ہونا تھے۔ اس رقم کے بدلے جہلم میں چار سو پچاس کنال زمین لی گئی۔ جہلم والی زمین پہلے زلفی بخاری اور پھر عمران خان اور ان کی اہلیہ کے نام پر منتقل ہوئی۔ 80 کروڑ روپے کی لاگت سے اس زمین پر بلڈنگ بننا طے پایا۔
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس آف پاکستان کو اس کرپشن کا مکمل علم تھا۔ کیا کبھی کسی جج نے ملزم کو ویلکم اور گڈلک کہا؟ میں پارلیمنٹ سے مطالبہ کروں گا کہ عمر عطاء بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کرنا چاہیئے۔
یہ بھی پڑھیں : چیف جسٹس سپریم کورٹ کیخلاف ریفرنس کیلئے خصوصی کمیٹی کی تشکیل کی تحریک منظور
وفاقی وزیر نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کا بھرپور احتجاج کیا مگر کسی سرکاری تنصیبات پر حملہ نہیں کیا۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر بھی تنصیبات کو نقصان نہیں پہنچایا۔ یہ ملک ہمارا ہے۔ اگر اندورنی طور پر کوئی گڑبڑ ہے، تو ہم نے مل کر مسئلے کا حل کرنا ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ ہم فوج کی ہر بات میں ہاں کرنے کے قائل نہیں، لیکن اس ادارے کے ساتھ نا انصافی ہوئی اور وہ ایک انصاف کے ادارے نے کی۔ جس نے پارلیمنٹ کا ساتھ چھوڑ کر اپنے فیصلے کرنے کی کوشش کی، ہم اسے ایسا نہیں کرنے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ آئین کے تحت موجود ہے۔ میں مطالبہ کرتا ہوں کہ 13 اکتوبر کو الیکشن کا اعلان کیا جائے۔ فوج کو سوچنا ہوگا کہ اگر تنصیبات پر حملے میں ملوث ملزمان کو چھوٹ دی گئی تو بہت نقصان ہوگا۔ فوجی تنصیبات پر حملے میں بھارت بہت زیادہ خوش ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی سپورٹرز بھی موجودہ پاکستان کے حالات پر خوش ہیں۔ حکیم سعید، ڈاکٹر اسرار نے بھی لکھا کہ عمران خان کو پاکستان کے خلاف تیار کیا جا رہا ہے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










