آئی جی پنجاب کو عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے مہلت
لاہور : عدالت نے ایک بار پھر آئی جی پنجاب کو عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے مہلت دے دی، عدالت کا کہنا ہے کہ جو کوئی بھی ذمہ دار ہوگا پھر وہ نہیں بچے گا۔
لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے اینکر عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے والد محمد ریاض کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالتی حکم پر آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سمیت اعلیٰ افسران عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالتی حکم پر جیل حکام بھی عدالت میں پیش ہوگئے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ عمران ریاض خان صحافی اور سینئر اینکر پرسن ہیں۔ انہوں نے اپنے پروگراموں میں حکومتی پالیسیوں پر تنقید کی، جس پر عمران خان کی گرفتاری کے بعد عمران ریاض خان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ پولیس اور ایف آئی اے حکام نے غیر قانونی طور پر عمران ریاض خان کو گرفتار کیا۔ عدالت فوری بازیاب کروا کر رہا کرنے اور درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان چاہتے ہیں دوبارہ سہولت کاری کراکر اقتدار میں لایا جائے: احسن اقبال
آئی جی پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ عمران رِیاض خان ہمیں مطلوب نہیں تھا۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کیلئے ریڈ نہیں کیا۔ اگر کسی ایجنسی نے اٹھایا ہے تو کہہ نہیں سکتا۔
عدالت نے کہا کہ لگتاہے آپ عدالت کے حکم کو سمجھے نہیں۔ جس پر آئی جی نے کہا کہ جو عدالت نے سوال پوچھا اس کا جواب دیا۔ خفیہ ایجنسی سے بھی رابطہ کیا ہے۔
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ مجھے عمران ریاض خان کی زندگی کی فکر ہے۔ مجھے یہ سمجھ آئی کہ یہ کہہ رہے ہیں وہ پنجاب میں نہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرکے جواب لیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میں نے تمام کے نوٹس لئے ہیں۔ جو کوئی بھی ذمہ دار ہوگا پھر وہ نہیں بچے گا۔ جس کے حکم پر عمران رِیاض خان کو اٹھایا گیا وہ بھی نہیں بچے گا۔
لاہور ہائی کورٹ نے کہا کہ عدالت چاہتی ہے عمران رِیاض خان کی زندگی کو خطرہ نہ ہو۔ عدالت ان کو مواقع دے رہی ہے کہ ان کے پاس کوئی بہانہ نہ رہ جائے۔
عدالت نے آئی جی پنجاب کو عمران ریاض خان کی بازیابی کیلئے اقدامات کرنے کی ہدایت کرے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








