شرپسندوں نے شہداء کی بے حرمتی کر کے نظریہ پاکستان پر حملہ کیا : وزیر اعظم
اسلام آباد : شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہمیں پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ہے، شہداء کی بے حرمتی کر کے شرپسندوں نے نظریہ پاکستان پر حملہ کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی میڈیا پر جاری بیان کہا کہ آج قوم یوم تکریم شہدائے پاکستان منارہی ہے۔ پوری قوم اپنے ہیروز، غازیوں اور شہداء کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔ قوم شہدا اور ان کے خاندانوں کے ساتھ اپنی غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں 9 مئی کے المناک واقعات کو محض ایک احتجاج کے طور پر نہیں دیکھتا۔ اقتدار کی ہوس نے کچھ لوگوں کو وہ کرنے پر مجبور کیا جو پہلے کسی نے نہیں دیکھا۔ شہداء کی بے حرمتی کر کے املاک پر حملہ کر کے شرپسندوں نے نظریہ پاکستان پر حملہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں : شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور عظیم اثاثہ ہیں، وہ ہمارا فخر تھے، ہیں اور رہیں گے : پاک فوج
ان کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے ملک کے دشمنوں کو جشن منانے کی وجوہات فراہم کیں۔ ہماری قوم اپنے شہیدوں کی عزت کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔ 9 مئی کے المناک اور دل دہلا دینے والے واقعات ہمارے لیے جاگنے کی کال ہیں۔ ہمیں پاکستان کی بنیادوں کو تباہ کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ 9 مئی نے ملک کے محافظوں اور اسے کمزور کرنے والوں کے درمیان تقسیم کی لکیر کھینچ دی۔ آج ہم اپنے شہدا کی عزت و تکریم کو برقرار رکھنے کے اپنے عہد کو دہراتے ہیں۔ پاکستان کے وجود کا جوہر اس کے عوام اور شہداء کے درمیان روحانی عہد میں مضمر ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام 20ویں صدی کا ایک معجزہ ہے۔ پاکستان شہداء کے خون کی بنیادوں پر کھڑا ہے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








