جون میں بورڈ اجلاس کیلئے کوشش کر رہے ہیں، پروگرام ابھی ختم نہیں ہوا : آئی ایم ایف مشن
اسلام آباد : نیتھن پورٹر کا کہنا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف پروگرام اہداف کے مطابق ہو گا، ایک ماہ رہتا ہے، آئی ایم ایف کا پروگرام ابھی ختم نہیں ہوا۔
عالمی مالیاتی ادارے کے مشن چیف پاکستان نیتھن پورٹر نے بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف حکام پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔ رواں پروگرام کے اس سال جون کے اختتام سے قبل بورڈ اجلاس کیلئے کوشش کر رہے ہیں۔ پروگرام ابھی ختم نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کئی لوگوں کا مؤقف ہے کہ پروگرام ختم ہو گیا، حالانکہ ابھی پروگرام کا ایک ماہ رہتا ہے۔ ہم پاکستان کی موجودہ سیاسی پیش رفت سے آگاہ ہیں، تاہم ہم مقامی سیاسی صورتحال پر رائے نہیں دیتے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق پرامن حل جلد تلاش کر لیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان کو قرض دینے کا معاملہ، بلوم برگ کا آئی ایم ایف ترجمان سے رابطہ
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی حکام سے بات چیت میں مالی سال 2024 کے بجٹ پر توجہ رکھی جائے گی۔ پاکستانی حکام سے بات چیت زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور مارکیٹ کے آزادانہ چلنے سے متعلق ہے۔ آئندہ مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف پروگرام اہداف کے مطابق ہو گا۔
مشن چیف نے مزید کہا کہ پروگرام اہداف اور مناسب فنانسنگ کے انتظامات بھی بات چیت کا حصہ ہیں۔ ٹیکس وصولیوں کو بڑھانا اور سرکاری کمپنیوں کے نقصانات کو کم کرنا بہت اہم ہے۔ اس طرح کرنے سے حکومت کے پاس زیادہ مالی وسائل دستیاب ہوں گے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, معیشت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








