ترک سرمایہ کار شمسی توانائی میں سرمایہ کاری کریں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے: وزیراعظم
اسلام آباد: شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ترک سرمایہ کار شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے، ترکی کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت دونوں ملکوں کیلئے بہترین ثابت ہوسکتے ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف کا دورہ ترکیہ کے دوران حبر گلوبل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ صدر طیب اردوان کو ایک بار پھر زبردست کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں، رجب طیب اردوان عظیم رہنما ہیں، ترکیہ کے عوام نے ان پر غیر متزلزل اعتماد کیا، صدر طیب اردوان کے ساتھ بہت قربت سے ملکر کام کرنے کا منتظر ہوں، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تجارت، سرمایہ کاری، باہمی روابط میں اضافے پر اتفاق ہوا ہے، آنے والے 3 سال میں باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالر تک بڑھانے کی کوشش کریں گے، دونوں ملک یک جان دو قالب ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں ملکوں کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی، ترک سرمایہ کاروں کو پن بجلی کے منصوبوں کیلئے بھی دعوت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، ایران اور ترکیہ کے درمیان ریل روڈ نیٹ ورک منصوبہ اہم ہوسکتا ہے، ہماری افرادی قوت زیادہ مہارت کی حامل ہونے کے باوجود مقابلتاً سستی ہے، ترک سرمایہ کار شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں، ترکی کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت دونوں ملکوں کیلئے بہترین ثابت ہوسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: چئیرمین پی ٹی آئی کے پیدا کردہ سیاسی عدم استحکام سے معیشت کونقصان پہنچا: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ ہم مشکور ہیں صدر رجب طیب اردوان کشمیرکاز کی حمایت کرتے ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر غیر مشروط حمایت کی ہے، بھارت کا کشمیریوں کو زیر تسلط رکھنے کا طرز عمل بہت بڑا منفی پہلو ہے، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے، فصلیں تباہ ہوئیں، تعمیراتی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا، چند ٹھوس اقدامات کرنے پر اس سال گندم کی شاندار فصل رہی، ہمیں زیادہ مقدار میں گندم درآمد نہیں کرنی پڑے گی، ہمیں امید ہے اس سال ہماری کپاس کی فصل بھی بہت اچھی ہوگی، کپاس کی پیداوار میں اضافے سے بڑی حد تک اپنی ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کو کرپشن، اختیارات سے تجاوز کرنے کے الزام پر گرفتار کیا گیا، گزشتہ 4 سال میں ہماری قیادت کو قید کیا گیا، احتجاج کیا نہ ہی کسی پرتشدد کیا، چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر شرپسندوں نے ملک کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








