وزیراعظم کی نیت پر کوئی شک نہیں لیکن ٹیم میں موجود لوگ وعدہ خلافی کررہے ہیں: بلاول
سوات: بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی نیت پر کوئی شک نہیں ہے، وزیراعظم کی ٹیم میں موجود لوگ وزیراعظم کے وعدے پورے نہیں کررہے، شہباز شریف اتحاد کے وزیراعظم ہیں، معاملے کو دیکھیں۔
سوات کے تحصیل خوازہ خیلہ میں پیپلزپارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ملک پر 4 سال ایک حکومت مسلط رہی، پی ٹی آئی کے نظریاتی کارکنوں کیلئے حکومت میں اسپیس نہیں تھا، گالیاں دینے والے وزیر بن جاتے تھے، پی ٹی آئی کے ایم این ایز غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے تھے، ایک شخص نے پاکستان میں گالم گلوچ کے کلچر کو فروغ دیا۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی وہ جماعت ہے جو نہ گالی دیتی ہے نہ شور کرتی ہے، پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کرتی ہے، سوات کے عوام نے دہشت گردی کا بہادری کیساتھ مقابلہ کیا، ایک نہتی لڑکی نے راولپنڈی میں خطاب کیا کہ سوات میں پاکستان کا جھنڈا لہرائے گی، جب دہشت گردوں کو یہاں مسلط کیا گیا تھا تو سیاسی جماعتیں خاموش تھیں، جب حکومت سنبھالی تو فیصلہ کیا کہ جہاں بھی دہشتگرد ہوں ان کا مقابلہ کریں گے، سوات کے عوام کو سلام کہ دہشتگردوں کے آنے پر احتجاج کیا، پیپلزپارٹی بھی سوات کے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جس سلیکٹڈ کو مسلط کیا تھا اس نے جاتے جاتے دہشتگردوں کو یہاں آباد کرایا، ملک میں ایک بار پھر دہشت گردی کا خطرہ موجود ہے، تمام دہشت گردوں کو پیغام ہے، ہتھیار چھوڑو، ہمیں ایک بار پھر آپریشن کے لیے مجبور نہ کیا جائے، امن کے لیے کسی دہشت گرد کے سامنے نہیں جھکیں گے،
سیاسی دہشت گردی کا جواب نہیں دیں گے تو بڑھتی رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف ن لیگ کے بلامقابلہ صدر اور مریم چیف آرگنائزر و سینیئر نائب صدر منتخب
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں، ایک بار ان کو معاف کردیا تو پھر نہ قانون کی حکمرانی ہوگی نہ جمہوریت چلے گی، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ نعرہ لگایا جمہوریت بہترین انتقام ہے، کٹھ پتلی سیاستدان کو عدم اعتماد سے نکالا گیا، نیب کے ایک کیس اور ایک رات جیل میں گزارنے پر انہوں نے اعلان جنگ کردیا، وہ جو کپتان تھا روزگار چھینتا تھا، کٹھ پتلی، سلیکٹڈ امپائر کی انگلی کی وجہ سے سیاست میں تھے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ محترمہ کی شہادت پر اگر ہم انتقام کا نعرہ لگاتے تو ملک جل جاتا، محترمہ کی شہادت پر ہم نے جمہوریت ہمارا انتقام کا نعرہ لگایا، شہید بھٹو کو پھانسی پر چڑھایا گیا تو جیالوں نے پر امن احتجاج کیے، آپ نواز شریف کا دور بھی دیکھ چکے اور پی ٹی آئی کا دور بھی دیکھ چکے، پیپلزپارٹی جب بھی اقتدار میں آتی ہے روزگار کے مواقع پیدا کرتی ہے، پی پی کامقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں غربت بیروزگاری اور مہنگائی سے ہے، اب وقت آگیا ہے کہ نوجوانوں کو موقع دیا جائے، بزرگوں کو بہت موقع دے چکے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں الیکشن وقت پر ہونے چاہئیں، پیپلزپارٹی نے ہر ضمنی انتخاب جیتا ہے، پی پی نے کراچی میں تاریخ رقم کرکے اپنا میئر منتخب کیا، پیپلزپارٹی الیکشن کے لیے تیار ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن کی تیاری کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کیا ہے، بجٹ میں وفاق نے سیلاب متاثرین کیلئے فنڈز نہیں رکھے، اپنی پارٹی سے کہا ن لیگ والوں کو بتائیں سیلاب متاثرین کی مدد معاشی ترقی کیلئے ضروری ہے، اس بجٹ میں پیپلزپارٹی کا کردار بہت کم ہے، ہم اتحادی جماعت ہیں اور برابری پر یقین رکھتے ہیں، وزیراعظم کی نیت پر کوئی شک نہیں ہے، وزیراعظم نے خود سیلاب کی تباہی دیکھی ہے، وزیراعظم کی ٹیم میں موجود لوگ وزیراعظم کے وعدے پورے نہیں کررہے، شہباز شریف اتحاد کے وزیراعظم ہیں، معاملے کو دیکھیں۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








