بدھ، 3-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

بلوچستان حکومت کا سکیورٹی اداروں کو شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹیں فوری ختم کرنے کا حکم

25 جون, 2023 14:07

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے صوبے میں قومی شاہراہوں پر قائم سکیورٹی چیک پوسٹیں فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں صوبے میں امن امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سکیورٹی چیکنگ کی آڑ میں سڑکوں پر قائم چیک پوسٹوں کے قیام پر شدید ردعمل کا اظہار کیا گیا۔ کابینہ نے تمام متعلقہ وفاقی اور صوبائی سکیورٹی اداروں کو شاہراہوں پر قائم چیک پوسٹیں فوری طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے کہا کہ آئندہ کوئی بھی ادارہ صوبائی حکومت کی اجازت کے بغیر شاہراہوں پر چیک پوسٹ قائم نہیں کرے گا، چیک پوسٹ کا قیام محکمہ داخلہ کی اجازت سے مشروط ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: وعدوں پر عملدرآمد میں وفاق کی سرد مہری باعث تشویش ہے: عبدالقدوس بزنجو

کابینہ کا کہنا تھا کہ بسوں اور گاڑیوں میں سوار خواتین، بچوں، مریضوں اور بوڑھوں کو چیک پوسٹوں پر گھنٹوں روکا جاتا ہے، عوام کو سکیورٹی کی فراہمی حکومت اور اداروں کی ذمہ داری ہے، چیک پوسٹوں کی آڑ میں عوام کی تذلیل کسی صورت قبول نہیں ہے۔

بلوچستان کابینہ نے کہا کہ دیگر صوبوں میں شاہراہوں اور شہروں کے اندر وفاقی سکیورٹی اداروں کی چیک پوسٹیں نہیں ہیں تو بلوچستان میں بھی چیک پوسٹیں نہیں ہونی چاہئیں۔

کابینہ کا کہنا تھا کہ شاہراہوں پر چیک پوسٹوں کی افادیت کبھی سامنے نہیں آئی اور نہ ہی آج تک کوئی دہشت گرد بس سے گرفتار ہوا، سکیورٹی ادارے سماج دشمن عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں کریں۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔

کابینہ نے پولیس اور اینٹی نارکوٹکس فورس کو منشیات فرشوں کے خلاف فوری آپریشن شروع کرنے کی ہدایت بھی کردی۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔