سانحہ 9 مئی؛ لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3 اعلیٰ فوجی افسران برطرف، 3 میجر جنرل اور 7 بریگیڈیئرز کیخلاف سخت تادیبی کارروائی
اسلام آباد: میجر جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3 افسران کو نوکری سے برخاست کردیا گیا، 3 میجر جنرل اور 7بریگیڈیئر کیخلاف تادیبی کارروائی ہوچکی ہے، ریٹائرڈ فور اسٹار جنرل کی نواسی، داماد احتسابی عمل سے گزر رہے ہیں
ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چودھری کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 9 مئی کا سانحہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، اس سانحے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، سازش گزشتہ کئی ماہ سے چل رہی تھی، تحقیقات میں بہت سے شواہد مل چکے اور مسلسل مل رہے ہیں، لوگوں کے جذبات کو ابھارا گیا، ذہن سازی کی گئی۔
جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ 9 مئی واقعات پر افواج میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، مزموم سیاسی مقاصد کے لیے افواج کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا، شہدا کے لواحقین سوال کرتے منصوبہ بندی کرنیوالے کٹہرے میں کب لائے جائینگے، شہدا کے ورثا آرمی کے تمام رینک سے سوال اٹھارہے ہیں، جو کام دشمن 75سال میں نہ کرسکا وہ مٹھی بھر لوگوں کے سہولت کاروں نے کردی، افواج پاکستان آئے روز عظیم شہدا کے جنازوں کو کندھا دے رہی ہے، روزانہ کی بنیاد پر دہشت گردوں کی سرکوبی کی جارہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ معصوم عوام کو انقلاب کا جھوٹا نعرہ لگا کر بغاوت پر اکسایا گیا، مذموم سیاسی مقصد، اقتدار کی ہوس کےلیے جھوٹے پروپیگنڈے کو چلایا گیا، فوج نے روایت کے مطابق خود احتسابی کا عمل مکمل کرلیا ہے، دو ادارہ جاتی جامع انکوائریز مکمل کی گئیں، لیفٹیننٹ جنرل سمیت 3 افسران کو نوکری سے برخاست کردیا گیا، 3 میجر جنرل اور 7بریگیڈیئر کیخلاف تادیبی کارروائی ہوچکی ہے، ریٹائرڈ فور اسٹار جنرل کی نواسی، داماد احتسابی عمل سے گزر رہے ہیں، دوسرے ریٹائرڈ فوراسٹار جنرل کا داماد بھی احتسابی عمل سے گزر رہا ہے، پہلے سے قائم فوجی عدالتوں میں 102 شرپسندوں کا ٹرائل کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں17 اسٹینڈنگ کورٹس کام کررہی ہیں، سول کورٹس نے 102 شرپسندوں کا کیس ملٹری کورٹ منتقل کیا، تمام ملزمان کو مکمل قانونی حقوق حاصل ہیں، ملزمان سول وکیل کرنے، ہائی کورٹ، سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرسکیں گے، 9 مئی واقعات ایجنسیوں نے کرائے یہ بیانیہ زہریلی سوچ کی عکاس کرتا ہے، آپ سے سوال کرتا ہوں کہ کیا فوج نے اپنے ایجنٹ پہلے سے پھیلائے ہوئے تھے، گرفتاری کے چند گھنٹوں میں 200سے زائد مقامات پر فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، ایک خاص سیاسی گروہ کے پاس جھوٹ اور تقسیم کے علاوہ کچھ نہیں رہ گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا واویلا مچایا جارہا ہے، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے بیانیے کی آواز ہمیشہ باہر سے آتی ہے، ملک میں بیٹھے کچھ عناصر اس بیانیے کو ہوا دیتے ہیں،پوشیدہ روابط، پیسے کے استعمال سے مخصوص لوگوں کے ذریعے بیانات دلائے جاتے ہیں، قوم ، حکومت اور افواج میں احترام کا رشتہ ہوتا ہے، عوام اور فوج کے رشتے میں دراڑ ڈالنے کی کوشش کی گئی، گھناؤنے بیانیے کے باوجود ، فوج کے احترام کے رشتے میں دشمن دراڑ نہ ڈال سکا، پاک افواج نے ملکی دفاع کےلیے بھر پور قربانیاں دیں اور دیتی رہے گی، افواج پاکستان پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو کسی صورت بھی اپنی افواج سے جدا نہیں کیا جاسکتا، اس کی گواہی شہدائے پاکستان کی قبریں بھی دیتی ہے، پاک فوج کی فیصلہ سازی میں مکمل ہم آہنگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی احتجاج و گرفتاری: پنجاب حکومت نے گرفتار کیے جانیوالوں کی فہرست عدالت میں جمع کرادی
میجر جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو سوشل میڈیا سے مزید تباہی پھیلانے کیلئے مذموم مہم چلائی گئی، 9 مئی سانحہ کرنے کے لیے خواتین کو بھی ڈھال کے طور پر آگے کیا گیا، کوئی توقع نہیں کرسکتا تھا ایک سیاسی پارٹی اپنی ہی فوج پر حملہ آور ہوگی، جب 9 مئی کا سانحہ ہوا تو فوج نے اس سازش کو فوری ناکام بنایا، یہ فوج کے فوری ردعمل سے مذموم سیاسی مقاصد کو مزید آگے لیکر جانا چاہتے تھے، 9 مئی سانحہ اچانک نہیں ہوا کئی ماہ سے فوجی قیادت کیخلاف بھڑکایا جارہا تھا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے 200 سے زائد فوجی تنصیبات پر منصوبہ بندی کے تحت حملہ کیا، منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچانا ضروری ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو کل کوئی اور سیاسی گروہ مذموم مقاصد کیلئے واقعے کو دہرائے گا، سوشل میڈیا پرپروپیگنڈا وبا کی صورت اختیار کرچکا ہے، معاشرے سے ہیجان انگیزی کو کم کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے سیکڑوں کیسز ہیں ، ایک خاتون کا اکاؤنٹ ایک صاحب خلیج میں بیٹھ کر استعمال کررہے تھے، سوشل میڈیا پر پروپیگنڈا سنجیدہ مسئلہ ہے حکومت اس پر کام کررہی ہے، صحافی کمیونٹی کو چاہیے سنسنی کے بجائے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دے، باقی اداروں کی طرح فوج بھی حکومت کا ادارہ ہے، کورونا، فیٹف، ریکوڈک، انسداد پولیو میں فوج نے اپنا کردار ادا کیا، عوام کی فلاح و بہبود کے لیے جان دینا تو چھوٹی بات ہے۔
میجر جنرل احمد شریف چودھری کا کہنا تھا کہ فوج معیشت سمیت تمام مسائل کے حل میں مثبت کردار ادا کرسکتی ہے، ملکی معیشت کو تمام اکائیوں نے مل کر سنبھالنا ہے، پاکستان کو سب سے زیادہ خطرہ اندرونی انتشار سے ہے، ایک خطرہ دہشت گردی کی صورت میں ہے، سیاسی اسٹیک ہولڈرز بیٹھ کر قومی اتفاق رائے پیدا کریں، اگر اندرونی انتشار کا راستہ نہ روکا گیا تو یہ بیرونی یلغار کا راستہ ہموار کرے گا، 9 مئی واقعات کے بعد عوام پہچان چکے ہیں کیا سچ ہے ، کیا جھوٹ، 9 مئی کا سانحہ پاکستان کے خلاف بہت بڑی سازش تھی ، غیر ارادی غلطیوں پر افسران کو سزائیں دی گئیں، 9 مئی کے منصوبہ سازوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ضرورت ہے، 9 مئی واقعات کے تدراک کےلیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت امریکا تعلقات کے حوالے سے دفترخارجہ جواب دیگا، پاکستان کا دفاعی بجٹ تاریخ کی کم ترین سطح پر ہے، بھارت کا دفاعی بجٹ بڑھ رہا ہے، بھارتی دفاعی بجٹ اور ٹیکنالوجی کا فرق کئی دہائیوں سے چل رہا ہے، ملکی معیشت بڑی ہوگی تو فوج کا بجٹ بھی بڑھے گا، ہماری افواج اپنی طاقت جذبہ شہادت اور عوام سے لیتی ہیں، ذمہ دارانہ صحافت ملک کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی سیاسی لیڈر کا پارٹی چھوڑنا اس کا ذاتی فیصلہ ہے، منصوبہ ساز چاہتے تھے کہ فوج شدید ردعمل دے اور ملک میں انتشار پھیلے، فوج نے 9 مئی کو تحمل کا مظاہرہ کیا اور میچور رسپانس دیا، جب بھی کوئی نقصان ہوتا ہے فوج انکوائری کرتی ہے، ان کا مقصد تھا کہ فوج سے متعلق ابہام پیدا کیا جائے، مثبت بات چیت اور سوچ، مثبت تنقید کی جائے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








