آئی ایم ایف پروگرام خوشی سے نہیں مجبوری میں قبول کیا ہے: وزیراعظم
پشاور: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام خوشی سے نہیں مجبوری میں قبول کیا ہے، باہر جاتا ہوں تو انکے چہروں کو دیکھتا ہوں کہ وہ سوچتے ہیں آگئے پھر پیسے مانگنے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے ایک روزہ دورہ پشاور میں فاٹا یونیورسٹی کے فیز ون کا افتتاح کیا، وزیراطلاعات مریم اورنگزیب، انجینئر امیر مقام بھی وزیراعظم کے ہمراہ تقریب میں شریک ہوئے۔
ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی، گورنر خیبرپختونخوا اور نگراں وزیراعلیٰ بھی تقریب میں موجود تھے، وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے تحت طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج میرے لیے بہت خوشی اور اطمینان کا دن ہے، خیبرپختونخوا دلیر اور غیرت مند لوگوں کا صوبہ ہے، دہشتگردی کیخلاف جنگ میں خیبرپختونخوا کے عوام نے بہت قربانیاں دیں، لیپ ٹاپ حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، میرٹ کی بنیاد پر ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام خوشی سے نہیں مجبوری میں قبول کیا ہے، پاکستان اپنے پاؤں پر کھڑا ہوگا، غربت کا خاتمہ اور جلد خوشحالی آئیگی، زراعت کیلئے کل سمپوزیم کا افتتاح کیا گیا، سعودی عرب سے ہمیں 2 ارب ڈالرز مل چکے ہیں، ہمیں اپنی قوم کا مستقبل سنوارنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں وسائل کی کوئی کمی نہیں ہے، رونے دھونے سے کبھی قومیں ترقی نہیں کرتیں، ملک کے معاشی حالات بہتری کی طرف گامزن ہیں، قیام پاکستان کی جدوجہد میں لاکھوں لوگوں نے قربانیاں پیش کیں، زراعت، آئی ٹی، معدنیات، برآمدات کیلئے جامع پالیسیاں مرتب کی جارہی ہیں، ہم سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ ملک میں خوشحالی پیدا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: نوجوانوں پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں: وزیراعظم
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال میں انتہائی مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا، ایک وقت تھا جب پاکستانی روپے کی قدر ہندوستان سے زیادہ تھی، باہر جاتا ہوں تو انکے چہروں کو دیکھتا ہوں کہ وہ سوچتے ہیں آگئے پھر پیسے مانگنے، ہمیں فیصلہ کرنا ہے ہاتھ اونچا رکھنا ہے یا کشکول لیکر پھرنا ہے، ہماری ٹیکسٹائل کی ایکسپورٹ ہندوستان سے کئی زیادہ تھی، کرپشن اور سفارش نے ملک کی جڑوں کو تباہ کردیا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 75 سال میں بڑے بڑے کاغذی منصوبے بنے، مجھ سمیت اشرافیہ کو اپنے اندر جھانکنا ہوگا، جامعات میں ریسرچ اور ڈیولپمنٹ کا کام ٹھپ پڑا ہے، مہنگائی اور بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، اللہ نے انتخابات میں دوبارہ موقع دیا تو ہر سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ دینگے، آبادی کے تناسب سے چاروں صوبوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کریں گے، وقت ضائع اور 9 مئی سانحہ دہرائے بغیر دن رات محنت کرنی ہے، نوجوان سے اتفاق کرتا ہوں وزیراعظم کی کرسی پر بھی میرٹ پر بندہ بیٹھنا چاہیئے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










