منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

آئی ایم ایف پروگرام پر ہمیں شادیانے نہیں بجانے، محنت کرنی ہے: وزیراعظم

13 جولائی, 2023 14:46

ملتان: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا پروگرام حلوہ یا کھیر نہیں، آئی ایم ایف کی شرائط بہت سخت ہیں، آئی ایم ایف پروگرام پر ہمیں خوشی کے شادیانے نہیں بجانے۔

بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی میں وزیراعظم یوتھ لون اور لیپ ٹاپ پروگرام اسکیم کی تقریب سے شہباز شریف کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ قوم کے عظیم نوجوانوں میرٹ وہ اثاثہ ہے جس سے قومیں بنتی ہیں، جو قومیں میرٹ سے ہٹ کر سفارش، کرپشن میں لگ جائیں تو تباہ ہوجاتی ہیں، ہم سب انسان ہیں اور انسان غلطی کا پتلا ہے، ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کرنیوالی قوموں کا راستہ کوئی روک نہیں سکتا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج نوجوانوں کے ہاتھ میں خوشحالی کی کنجی ہے، ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جارہے ہیں، یہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، ایک لاکھ لیپ ٹاپ پورے پاکستان میں تقسیم کیے جارہے ہیں، وسائل ہوں تو ایک کروڑ لیپ ٹاپ آپ کی خدمت میں پیش کردوں، لاکھوں نوجوانوں کو 22 ارب کے فنڈز دیئے، کسی کو 20لاکھ کسی کو 25 لاکھ کا زرعی قرضہ ملا، یہاں پر موجود بچوں نے میرٹ پر لیپ ٹاپ حاصل کیے، لاکھوں بچیوں کے والدین کے پاس تعلیم دینے کے وسائل نہیں ہیں، ہمارا فرض ہے قوم کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں: کب تک قرض لیتے رہیں گے، حالات کو سنبھالنے کیلئے ماضی سے سبق سیکھنا ہوگا: وزیراعظم

ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں کہ ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط مانی ہیں، آئی ایم ایف کا پروگرام حلوہ یا کھیر نہیں، آئی ایم ایف کی شرائط بہت سخت ہیں، ملک میں استحکام کے لیے یہ قرضہ بہت ضروری تھا، اللہ نے موقع دیا تو5 سال میں 50 لاکھ لیپ ٹاپ دیں گے، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب دن رات کام کررہے ہیں، 23 ستمبر کو نشتر اسپتال 2 مکمل ہوجائے گا، اللہ نے موقع دیا تو ملتان کو میڈیکل سٹی بنائیں گے، ترقیاتی منصوبے جنوبی پنجاب پر احسان نہیں ان کا حق ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے شجاع آباد فلائی اوور بنانے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام پر ہمیں خوشی کے شادیانے نہیں بجانے، دن رات محنت اور یکجہتی کے ساتھ ملک کو آگے بڑھائیں گے، کل یو اے ای سے ایک ارب ڈالر آئے، سعودی عرب سے 2 ارب ڈالر ملے، ہم کب تک اس طرح مانگتے رہیں گے۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔