چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش نہیں ہورہے، اگر وارنٹ نکالے جائیں تو پھر واویلا کرتے ہیں: عطا تارڑ
اسلام آباد: عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہونے سے گھبرارہے ہیں، اگر وارنٹ نکالے جائیں تو پھر واویلا کرتے ہیں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ توشہ خانہ کی چوری سے راہ فرار اختیار کرنے کیلئے بہانے کیے جارہے ہیں، پی ٹی آئی چاہتی ہے بنی گالہ کے اندر عدالت کو منتقل کیا جائے، توشہ خانہ تحائف اور انکی فروخت کو چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے تسلیم کیا ہے، تحائف کو بلیک مارکیٹ میں فروخت کرکے رقم خزانہ میں جمع نہیں کرائی، کیس 11 ماہ سے چل رہا ہے چیئرمین پی ٹی آئی نے دفاع میں کوئی دستاویز جمع نہیں کرائی۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ توشہ خان سے اربوں کے تحفے فروخت کیے اور ڈیکلیئر بھی نہیں کیے گئے، سرکاری عہدیداروں کا تحائف کو ڈیکلیئر نہ کرنا جرم ہے، توشہ خانہ کیس میں تاریخ پر تاریخ لے رہے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی عدالت میں پیش ہونے سے گھبرارہے ہیں، یہ کہتے تھے گھبرانا نہیں ہے، میں کہتا ہوں اب آپ نے نہیں گھبرانا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر وارنٹ نکالے جائیں تو پھر واویلا کرتے ہیں، ان کے وکلا نے عدالت پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی، نوازشریف بیٹی کے ہمراہ عدالتوں میں مسلسل پیش ہوتے رہے ہیں، ہمیں کہتے تھے رسیدیں دکھاؤ، خود نے گھر بیٹھ کر جعلی رسیدیں بنالیں، حساب دو، جواب دو ورنہ قوم آپ لوگوں کا گریبان پکڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا مہم ملک و فوج کے خلاف چلائی، ریلیف ملے تو واہ واہ، ورنہ ججز کیخلاف سوشل میڈیا مہم چلائی جاتی ہے، ججز فیصلہ دینے لگیں تو عدم اعتماد کی درخواست دائر کردیتے ہیں، اعظم خان نے حوصلہ دکھایا اور سائفر پر بیان دیا، ملک کے مفاد کی بات آئی تو اعظم خان نے ہمت دکھائی۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.







