منگل، 2-دسمبر،2025
منگل 1447/06/11هـ (02-12-2025م)

ڈیفالٹ کا سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی تھی، الیکشن میں جو فیصلہ آئیگا قبول کرینگے: وزیراعظم

22 جولائی, 2023 15:21

شرقپور: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دن رات محنت کرکے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ڈیفالٹ کے خطرے کا سوچ سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی تھی، الیکشن میں جو فیصلہ عوام کریں گے وہ ہمیں قبول ہوگا۔

شرقپور میں ترقیاتی منصوبوں کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں کا تعلق عوامی فلاح وبہبود کے ساتھ ہے، ترقیاتی منصوبوں سے ٹریفک اور کاروباری مسائل حل ہوں گے، ان منصوبوں سے علاقے کی حالت بدل جائے گی، ان ترقیاتی منصوبوں سے عوام کو بے حد فائدہ حاصل ہوگا، منصوبے پر 35 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قائداعظم یونیورسٹی لاہور کیمپس کا آغاز کیا جارہا ہے، شاہدرہ سے کالا شاہ کاکو تک میٹروبس کے روٹ کی توسیع کی جائے گی، نوازشریف ملک کی ترقی وخوشحالی کے معمار ہیں، نوازشریف نے پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے منصوبے کا آغاز کیا تھا، گزشتہ ساڑھے 4 سال ضائع کیے گئے، مسلم لیگ ن کی حکومت ہوتی تو ملک ترقی کررہا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ کہا جاتا تھا 300 ارب ڈالر باہر پڑے ہیں 3 ماہ میں لاؤں گا، آج کئی سال ہوگئے 300 ارب ڈالر واپس نہ آسکے، اگر وہ پیسہ آگیا ہوتا تو آج پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہوتا، 300 ارب ڈالر واپس آتے تو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑتا، ملک میں ترقی کا سفر 2018 میں روکا گیا، طرح طرح کے الزامات اپوزیشن پر لگائے گئے، 190 ملین ڈالر کا اسکینڈل ہے، میرے خلاف بھی کیس بنا تھا، پاکستان کو تباہی کی طرف لے جایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے اکاؤنٹ میں پیسہ پڑا تھا، این سی اے نے 2 سال تحقیقات کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے کہنے پر میرے خلاف 2 سال تحقیقات ہوئی، نوازشریف کو جیل میں بند کیا گیا، ان کی بیٹی کو گرفتار کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پیمرا ترمیمی بل صرف حکومت کا نہیں بلکہ میڈیا اور عوام کا بل ہے، مریم اورنگزیب

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کابینہ سے زبردستی بند لفافے پر مہر لگوائی گئی، گزشتہ دور میں ملک کا پیسہ بے رحمی سے لوٹا گیا، دن رات محنت کرکے پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، ڈیفالٹ کے خطرے کا سوچ سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی تھی، اب پاکستان اپنی سمت میں آچکا ہے، پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، چین کوہ ہمالیہ کی طرح ہمارے ساتھ کھڑا رہا، سعودی عرب چٹان کی طرح ہمارے ساتھ کھڑا رہا، آئی ایم ایف کے حوالے سے 3 ممالک نے ساتھ دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں نوجوانوں کی ذہن سازی کی گئی، قوم، ملک اور اداروں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی، ن لیگ کے دور میں نوجوانوں میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے، طلبا کو لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر دیئے جارہے ہیں، پنجاب سمیت پورے ملک کے طلبا کو لیپ ٹاپ ملیں گے، جب پنجاب میں لیپ ٹاپ دیتا تھا تو کہا جاتا تھا رشوت دی جارہی ہے، میں نے کہا لیپ ٹاپ دے رہا ہوں کلاشنکوف نہیں دے رہا، کوئی شک نہیں غریب آدمی مہنگائی کے ہاتھوں بک چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں جو فیصلہ عوام کریں گے وہ ہمیں قبول ہوگا، الیکشن کی آمد ہے فیصلہ کرلیں ملک کی کیا خدمت ہوئی اور 4 سال میں ملک کا بیڑہ کس نے غرق کیا؟۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔