آئندہ چیئرمین پی ٹی آئی جیسے لوگ مسلط ہوئے تو گریبان سے پکڑ کر نکالیں گے: مولانا فضل الرحمان
ڈیرہ اسماعیل خان: مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملکی ترقی کا پہیہ جام کرنے والوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینکا، پاکستان کی ترقی روکنے والے نااہلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آئندہ ایسے لوگ مسلط ہوئے تو گریبان سے پکڑ کر نکالیں گے۔
ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح اور سنگ بنیاد کی تقریب سے سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان کا خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم پسماندہ علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں، 16 ماہ میں تیسری یا چوتھی با وزیراعظم کو تکلیف دی ہے، وزیراعظم نے اس پسماندہ علاقے کی ترقی کیلئے دلچسپی لی ہے، جتنی زندگی ہے اس پسماندہ علاقے کے لیے وقف کردوں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ 2017 اور 2018 میں نواز شریف یہاں تشریف لائے تھے، نواز شریف نے یہاں بڑے بڑے منصوبوں کا اعلان کیا آغاز بھی ہوا تھا، پی ٹی آئی حکومت میں کسی ایک بھی میگا پروجیکٹ کا افتتاح نہیں ہوا، کسی زمانے میں پارلیمانی سیاست سے مانوس ہوا، پارلیمانی سیاست میں عمل دخل ہوا اور اس کو پڑھا، ہم نے سرجھکا کر نہیں، سراٹھا کر سیاست کی، ملکی ترقی کا پہیہ جام کرنے والوں کو اقتدار سے اٹھا کر باہر پھینکا، پاکستان کی ترقی روکنے والے نااہلوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا، آئندہ ایسے لوگ مسلط ہوئے تو گریبان سے پکڑ کر نکالیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: امریکی کانگریس میں یہودی لابی چیئرمین پی ٹی آئی کیلئے رورہی ہے: فضل الرحمان
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ثابت کیا ناجائز حکومت کو کیسے چیلنج کیا جاتا ہے، کل بھی ناجائز حکومت کو چیلنج کیا، آج بھی کریں گے، مہنگائی کا پہاڑ لوگوں پر گرایا گیا، پاکستان کے دوست ممالک سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں، سرمایہ کاری کے خواہشمند اگلے نظام کا سوال کرتے ہیں، دوست ممالک کو خدشہ ہے ماضی جیسے نااہل حکمران آئے تو پھر سرمایہ ضائع ہوگا، دوست ممالک ترقی روکنے والوں کے اقتدار میں آنے کے حامی نہیں، گزشتہ حکومت نے سی پیک روک کر غیر ملکی آقاؤں کو خوش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم دوستی مانگتے ہیں، آقا اور غلام کے تعلق سے انکار کرتے ہیں، یہ ملک ہمارا ہے کسی کی جاگیر نہیں ہے، جعلی حکومت پہلے مانی نہ آئندہ مانیں گے، ملک میں ایک بڑا مسئلہ امن وامان کا بھی ہے، کہا گیا امن قائم ہوگیا، پھر بدامنی کیوں ہوئی سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









