یوم عاشور کے موقع پر وزیراعظم اور صدر مملکت کا خصوصی پیغام
اسلام آباد: ملک بھر میں یوم عاشور آج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ یوم عاشور دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے گہری تاریخ اور روحانی اہمیت رکھتا ہے، آج حضرت امام حسین ؑ کی حق کیلئےعظیم جدوجہد،قربانی اور شہادت کا دن ہے، امام حسینؑ نے اہل بیت کیساتھ کربلا میں کی جنگ میں ظلمو جبر، ناانصافی کیخلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ کی قربانی ہمیں غیرمتزلزل ایمان وانصاف کے حصول کا سبق سکھاتی ہے، امام حسین ؑ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے ظلم وجبر کیخلاف کھڑاہونا مسلمان کا اخلاقی فرض ہے، ہمیں حضرت امام حسین ؑ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقاصد کے حصول کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ثابت قدمی سے دور کیا جاسکتا ہے، اللہ تعالی ہماری قوم اور امت مسلمہ پر رحم فرمائے، اللہ ہمیں اسلام کی تعلیمات،حضرت امام حسین ؑ کی عظیم میراث پر ثابت قدم رہنے کی توفیق دے۔
صدر مملکت عارف علوی:
دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا یوم عاشور کے موقع پر پیغام میں کہنا تھا کہ عاشورہ محرم اسلامی تاریخ میں بہت اہمیت رکھتا ہے، یوم عاشور ہمیں عظیم تر مقصد کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہ کرنے کا درس دیتا ہے، شہدا کربلا نے حقیقی تعلیمات کے تحفظ کیلئے جانیں قربان کیں، شہادت حضرت امام حسین ؑ کا فلسفہ ظلم وجبر کیخلاف ہر قیمت پر ڈٹ جانا ہے۔
عارف علوی کا کہنا تھا کہ حضرت امام حسینؑ کے ساتھی پرآشاب وقت میں ان کے شانہ بشانہ کھڑے تھے، یہ دن ہمیں وفاداری،حق وانصاف کیلئے جدوجہد کرنے والوں کاساتھ دینے کی اہمیت سکھاتا ہے، حضرت امام حسینؑ نے طاقت،تعداد کم ہونے کے باوجود اسلام کے اصولوں سے دستبردار ہونے سے انکارکیا، حضرت امام حسینؑ نے اسلام کی تعلیمات کے تحفظ کیلئے اپنے خاندان،ساتھیوں سمیت جان قربان کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشرے کی عظیم تر بھلائی، انسانیت کی بہتری کیلئے آسائشوں اور خواہشات کو ترک کردینا ہے، آج امام حسینؑ کا پیغام پوری دنیا کے مسلمانوں میں گونج رہا ہے، عاشورہ کے موقع پر ہمیں مختلف مکاتب فکر کے درمیان مکالمے،افہام تفہیم کی اہمیت کو یاد رکھنا چاہیے، تمام پاکستانیوں سے اپیل ہے متحد ہوکر، اپنے اختلافات کو بھلا کر پاکستان کی ترقی کیلئے کام کریں، اللہ ہمیں امام حسینؑ کی قربانیوں سے سبق سیکھنے، استقامت، دلیری سے آگے بڑھنے کی توفیق دے۔
Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









