پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

پاکستانی عمرہ زائرین کیلیئے خوشخبری، ویزہ کی میعاد 90 دن کی جائے گی

21 اگست, 2023 18:09

اسلام آباد : پاکستانی عمرہ زائرین کیلیئے خوشخبری۔ عمرہ زائرین کیلئے ویزے کی میعاد اب 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کردی جائے گی۔


تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جس کے مطابق پاکستانی عمرہ زائرین کے ویزے کی میعاد اب 30 دن سے بڑھا کر 90 دن کردی جائے گی۔ اس کے علاوہ ویزے پر عمرے کے علاوہ سعودی عرب کے دیگر تاریخی مقامات کا دورہ بھی کیا جاسکے گا۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان یہ تاریخی معاہدہ پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیرحج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ اور وزارت مذہبی امور کے درمیان کیا گیا۔

سعودی وزیر حج نے نگراں وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سےگفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستانی عوام خادم حرمین الشریفین کے دل کے بہت قریب ہیں۔

سعودی وزیر نے اعلان کیا کہ پاکستانی عمرہ زائرین کے لیے ویزے کا دورانیہ تیس دن کے بجائے 90 روز تک ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ مملکت کی کوشش ہے کہ حج اخراجات میں بھی کمی کی جائے۔

یہ بھی پڑھیں صدر مملکت نے اپنے سیکریٹری کی خدمات واپس کردیں

انہوں نے کہا کہ یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی وزارت مذہبی امور کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ معاہدے کے تحت پاکستان اور سعودی عرب کے مابین فلائٹس میں اضافہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر نگراں وفاقی وزیرِ مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ سعودی وزیر برائے حج و عمرہ کا دورہ پاکستان باعثِ اعزاز ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے معاہدے کے نتائج جلد سب کے سامنے آئیں گے۔ سعودی حکومت حج و عمرہ زائرین کے لیے جدید سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ عمرہ زائرین میں پاکستان کی تعداد دنیا میں پہلے نمبر پر ہے۔

انہوں نے سعودی وزیر سے درخواست کی کہ حرمین کی توسیع کی وجہ سے پاکستان ہاؤس کے لیے متبادل جگہ فراہم کی جائے اور 65 سال سے زائد پاکستانی زائرین کے لیے بائیو میٹرک سے استثنیٰ دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ نسک ایپ کو اردو میں بھی لانچ کر رہے ہیں جس کے ذریعے زائرین خود ہی عمرہ پیکج کی بکنگ کر سکیں گے اور ایک دن کے اندر ویزہ کا اجرا ہو گا۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔