پیر، 1-دسمبر،2025
پیر 1447/06/10هـ (01-12-2025م)

نوازشریف قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی سے نجات دلانے آ رہا ہے: مریم نواز

14 ستمبر, 2023 20:01

لاہور: مریم نواز کا کہنا ہے کہ وعدہ ہے نواز شریف معاشی بدحالی، مہنگائی، بیروزگاری کے اندھیرے ختم کر دیں گے، نواز شریف قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی سے نجات دلانے آ رہا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر و سینئر نائب صدر مریم نواز کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں پارٹی قائد میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے امور اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

مریم نواز کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز شریک ہوئے، اجلاس میں وطن واپسی پر قائد محمد نواز شریف کا تاریخی استقبال کرنے کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے شرکاء نے 21 اکتوبر کو پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی کی تاریخ کے اعلان کا خیرمقدم کیا، لیگی رہنماﺅں، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز نے نواز شریف کے حق میں دھواں دھار تقریریں کیں اور قائد نواز شریف کی آمد پر بھرپور جوش و جذبے کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: نواز شریف 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچیں گے: شہباز شریف

اجلاس میں شریک رہنماؤں کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر قائد محمد نواز شریف کا تاریخی استقبال کیا جائے گا، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے، قوم کی ذمہ داری ہے کہ چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، نوازشریف ہی پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ختم کرسکتے ہیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی واپسی بحرانوں میں گھرے پاکستان کیلئے طلوع سحر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے آرہا ہے، نواز شریف قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی سے نجات دلانے آ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن، معاشی ترقی، مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے، عوام نواز شریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں۔

مریم نواز نے کہا کہ وعدہ ہے نواز شریف معاشی بدحالی، مہنگائی، بیروزگاری کے اندھیرے ختم کر دیں گے، نوازشریف نے عوام سے ہر وعدہ پورا کیا۔

Catch all the بریکنگ نیوز News, پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔