مصطفیٰ قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان اپنے بیان سے مکر گیا

مصطفیٰ قتل کیس کا مرکزی ملزم ارمغان اپنے بیان سے مکر گیا
کراچی میں مصطفی عامر قتل کیس کی سماعت کے دوران ملزم ارمغان نے اپنے بیان سے پھر مکرتے ہوئے اعتراف جرم سے انکار کر دیا۔
سٹی کورٹ میں جج عاصم اسلم کی عدالت میں ملزم ارمغان کو اعتراف جرم کے لیے پیش کیا گیا۔ تاہم، ملزم نے کہا کہ میں کوئی اعترافی بیان نہیں دینا چاہتا، مجھے پھنسایا جا رہا ہے، مصطفی عامر کی والدہ ایجنٹ ہے۔
عدالت نے ملزم کے 164 کا بیان ریکارڈ کرنے کی درخواست خارج کر دی کیونکہ ملزم کی ذہنی حالت اس قابل نہیں تھی کہ وہ مستقل بیان دے سکے۔ ارمغان نے پہلے اعتراف جرم کی حامی بھری تھی لیکن بعد میں اپنے بیان سے مکر گیا۔
ملزم نے عدالت میں کہا کہ مصطفی عامر کو ذاتی تنازعے پر قتل کیا گیا، اس کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کی گئی۔ یہ اچانک کیا جانے والا اقدام تھا۔
اس پر عدالت نے کہا کہ اعتراف جرم کرنے یا نہ کرنے کی صورت میں بھی ملزم کو جیل بھیج دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ارمغان اور مصطفیٰ کی چیٹ سامنے آگئی
ارمغان کا کہنا تھا کہ یہودی لابی اور اسرائیلی انٹیلی جنس ایجنسی موساد میرے پیچھے پڑی ہوئی ہے، مصطفی کی والدہ بھی یہودی لابی کا حصہ ہے۔
ملزم نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان پر کالا جادو کروایا ہے، جس کی وجہ سے ان کے جسم میں درد ہوتا ہے۔
ارمغان نے عدالت میں کہا کہ میں نے مصطفی کو گاڑی میں چھوڑا تھا اور گاڑی کے اگلے حصے پر آگ لگائی تھی، مصطفی کا فیصلہ میں نے اللہ پر چھوڑ دیا تھا۔ اللہ تعالیٰ چاہتے تو مصطفی کو بچا لیتے۔
عدالت نے نوٹ کیا کہ ملزم نے کچھ وقفے کے بعد کہا کہ اس نے مصطفی کا براہ راست قتل نہیں کیا۔
ارمغان نے مزید کہا کہ مصطفی کے نصیب میں مرنا لکھا تھا، میں بھی تھوڑا بہت اس میں شریک ہوں، ہمارے ملک کی سیاسی جماعتیں یہودی لابی کا حصہ ہیں، اور یہودی لابی میرے پیچھے ہے کیونکہ میں ان کے خلاف بات کرتا ہوں۔
یاد رہے کہ پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ ارمغان نے تفتیش کے دوران مصطفی عامر کے قتل کا اعتراف کر لیا تھا۔ ملزم نے تفتیش میں انکشاف کیا کہ وہ مصطفی کی گاڑی کو خیابان محافظ سے دریجی تک ڈرائیو کر کے لے گیا تھا، پھر گاڑی کو آگ لگائی۔
جبکہ مصطفی زندہ اور نیم بے ہوشی کی حالت میں تھا، ملزم نے یہ بھی بتایا تھا کہ اس نے مصطفی کو ہاتھوں اور پیروں پر مار کر زخمی کیا تھا اور رائفل سے تین فائر کیے جو مصطفی کو نہیں لگے تھے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.
خاص خبریں
Advertisement