پاکستان نے بھارت کی 20 سالہ ریاستی دہشتگردی کی تفصیلات دنیا کے سامنے پیش کردیں

پاکستان نے بھارت کی 20 سالہ ریاستی دہشتگردی کی تفصیلات دنیا کے سامنے پیش کردیں
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت 20 سال سے ریاستی دہشتگردی کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چوہدری نے وفاقی سیکرٹری داخلہ محمد خرم آغا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
سیکرٹری داخلہ آفتاب درانی نے بتایا کہ بلوچستان میں حملے کا واقعہ بھارتی انٹیلیجنس ایجنسی را کی سرپرستی میں ہوا، بھارت آپریشن سندور میں بری طرح ناکام ہوا ہے، بھارت نے اب دہشتگرد پراکسیز کو بلوچستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں کا حکم دیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ حکومت پاکستان ان نیٹ ورکس کو ختم کرے گی، ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گردی کی ان کارروائیوں پر سخت ایکشن ہوگا، فتنہ الہندوستان نے اب سافٹ ٹارگٹس پر حملے شروع کیے ہیں۔
اس موقع پر ڈی جی آئی ایس پی آر جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کررہا ہے، بھارت 20 سال سے ریاستی دہشت گردی کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کو فنڈز فراہم کرتا ہے، قیام پاکستان کے بعد سے ہی بھارت سرگرم ہے، مکتی باہنی کا قیام اور سقوط ڈھاکا اس کی واضح مثال ہے، 2016 میں بھی بھارتی دہشت گردی کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان خضدار میں بچوں کی شہادت میں ملوث ہے، خضدار حملے کے کئی بچے اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، خضدار حملے میں 51 زخمی ہیں، اکثریت بچوں کی ہے۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ کلبھوشن نے اعترافی بیان میں تمام تر حقائق بتائے، 12 اپریل کو فتنہ الہندوستان نے مزدوروں کو شہید کیا، پنجگور میں بھی غریب مزدوروں کو شہید کیا گیا، دکی میں کوئلے کی کان میں کام کرنے والے مزدوروں کو شہید کیا گیا، 14 فروری کو ہرنائی میں 10معصوم لوگوں کو شہید کیا گیا، بارکھان میں 7مسافروں کو بس سے اتار کر شہید کیا گیا، 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس میں معصوم مسافروں کو نشانہ بنایا گیا، 26 مارچ کو گوادر میں مزدوروں کو شہید کیا گیا، 9 مئی کو لسبیلہ میں 3 مزدوروں کو قتل کیا گیا، نوشکی میں 4 مزدوروں کو شہید کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ بلوچ بھی پوچھ رہے ہیں بلوچیت کا دہشت گردی سے کیا تعلق، یہ درندے بھارت کے پیسوں پر بربریت کرتے ہیں، یہ فتنہ الہندوستان ہے اس کا کسی اور سے کوئی تعلق نہیں، دنیا پوچھ رہی ہے پہلگام میں کونسا پاکستانی ملوث ہے؟
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت انسانی حقوق کی کھلم کھلا پامالی کررہا ہے، 6 اکتوبر 2024 کو کراچی میں ہمارے چینی دوستوں پر حملہ کیا گیا، جعفر ایکسپریس حملے کی دنیا بھر میں مذمت کی گئی، جعفر ایکسپریس حملے پر بھارتی سوشل میڈیا نے جشن منایا، کونسا ملک ہے جو دہشت گرد حملوں پر جشن مناتا ہے؟
انہوں نے کہا کہ بنیان مرصوص میں دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، پاکستانی فورسز بھارت کیخلاف سینہ ٹھوک کر کھڑی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن میزائل مارتا ہے، ڈرون بھیجتا ہے، حملہ کرتا ہے، بھارتی میڈیا خواتین اور بچوں کی موت پر شادیانے بجاتا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان میں دہشت گردی کون کرارہا ہے، پھر یہ ڈرامہ کرتے ہیں بھارت میں دہشت گردی ہورہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دشمن میزائل مارتا ہے، ڈرون بھیجتا ہے، حملہ کرتا ہے، بھارتی میڈیا خواتین اور بچوں کی موت پر شادیانے بجاتا ہے، دنیا دیکھ رہی ہے پاکستان میں دہشت گردی کون کرارہا ہے، پھر یہ ڈرامہ کرتے ہیں بھارت میں دہشت گردی ہورہی ہے۔
احمد شریف چوہدری نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کا بلوچستان، پاکستان اور اسلام سے کوئی تعلق نہیں، معرکہ حق میں پاکستان نے دشمن کا منہ کالا کیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سابق بھارتی آرمی افسر پاکستانی فوجیوں کے سر کی بولی لگارہے ہیں، بھارت میں سارا میڈیا ریاست کے ہاتھ میں ہے، آزاد نہیں ہے، فتنہ الہندوستان کا تعلق صرف ہندوستان سے ہے، ان دہشت گردوں کو کون مہنگے ہتھیار فراہم کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے فتنہ الہندوستان کے ذریعے لڑکیوں کو بلیک میل کیا، عدیلہ اور شاری بلوچ اس کی مثال ہیں، دہشت گرد بشیر زیب، اسلم اچھو کو بھارت نے ویزا اور انٹری فراہم کی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کا گٹھ جوڑ ہے، دہشت گردوں کو گولی لگتی ہے تو بھارت ان کا علاج معالجہ کرتا ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کچھ بہادر ان کی چالوں کو سمجھتے ہیں تو پھر سرینڈر کرتے ہیں، عدیلہ بلوچ کو بلیک میل کرکے بطور خودکش بمبار استعمال کیا گیا، ڈی جی آئی ایس پی آر نے دوران پریس کانفرنس بھارتی میجر سنددیپ کی آڈیو سنائی، انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے فتنے کھل کر سامنے آرہے ہیں، بھارت کے ڈس انفولیب سے ہزاروں اکاؤنٹس چلائے جارہے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 2024 میں ایک ہزار 18 دہشت گرد ہلاک کیے، 2025 میں ابھی تک 700 سے زائد دہشت گرد ہلاک کیے، ماہ رنگ بلوچ کا اصل چہرہ سامنے آگیا، ماہ رنگ بلوچ دہشت گردوں کی پراکسی ہے، بھارت کو چاہیے جھوٹ بولنے سے پہلے سوچ لیا کرے۔
انہوں نے کہا کہ 8 اور 9 تاریخ کو کہا جارہا تھا پاکستان نے حملہ کردیا، ہم نے کہا ہمیں بھارتی میڈیا کی ضرورت نہیں حملہ کریں گے تو نظر آئے گا، ہم کسی کے مذہبی مقامات پر حملہ کیوں کریں گے، بھارت کو اب بھی کوئی غلط فہمی ہے تو آزمالے، بھارت پاکستان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتا، بھارت کو جارحیت کا دوبارہ شوق ہے تو آجائے ہم تیار ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ بھارت سے اب بھی کہتے ہیں کوئی بیوقوفی نہیں کرنا، ہم کبھی نہیں جھکیں گے بھارت حقائق کو تسلیم کرے، مسئلہ کشمیر میں پاکستان اور بھارت کے ساتھ چین بھی فریق ہے، کوئی پاگل ہی ہوگا جو پاکستان کا پانی بند کرنے کا سوچے گا، دہشت گرد اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہم نے ثابت کردیا ہم آپ کے سامنے نہیں جھکنے والے، بھارت نے کرتارپور راہداری بند کرکے مذہبی آزادی پر قدغن لگائی، فتنہ الہندوستان بلوچستان کی ترقی کے دشمن ہیں، آبادیوں میں سے چن چن کر دہشت گردوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 150 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز روزانہ ہورہے ہیں، ایسے آپریشنز کررہے ہیں تاکہ عوام کی زندگی متاثر نہ ہو، کوئٹہ سے زیادہ بلوچ کراچی اور پنجاب میں ہیں، یہ لوگ احساس محرومی کا کھوکھلا نعرہ لگاتے ہیں۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغانیوں سے ہمیشہ حسن سلوک کیا، افغانستان سے ہمارا محبت اور بھائی چارے کا رشتہ ہے، آرمی چیف کہہ چکے ایک پاکستانی کا خون ہزار افغانیوں پر مقدم ہے، افغانستان ایک نارمل ریاست کی طرح ری ایکٹ کرے، افغانستان دوست ملک ہے، دہشت گردوں کی پناہ گاہیں نہ بننےدے، افغانستان پڑوسی ملک ہے، بھارت اس حقیقت کو بدل نہیں سکتا۔ دہشت گردوں کو بلوچستان کی ترقی ہضم نہیں ہورہی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











