جمعرات، 26-مارچ،2026
بدھ 1447/10/06هـ (25-03-2026م)

والدین کیلئے اہم خبر؛ نادرا نے ب فارم بنوانے کا آسان طریقہ بتادیا

25 جولائی, 2025 10:56

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے ب فارم بنوانے کا آسان طریقہ بتادیا۔

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے بچوں کے ب فارم یا چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ کے حصول کے لیے ایک معلوماتی ویڈیو جاری کی ہے جس میں مرحلہ وار طریقہ کار، مطلوبہ دستاویزات، اور فیس کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔ ویڈیو کا مقصد عوام کو اس عمل سے آگاہی فراہم کرنا اور ب فارم کے حصول کو آسان بنانا ہے۔

نادرا کے مطابق ب فارم بنوانے کے لیے والدین کے شناختی کارڈ درکار ہوں گے، اور اگر بچہ گود لیا گیا ہو تو قانونی سرپرست کا شناختی کارڈ اور سرپرستی کا قانونی ثبوت پیش کرنا ہوگا۔ بچے کا کمپیوٹرائزڈ پیدائشی سرٹیفکیٹ، جو یونین کونسل یا کنٹونمنٹ بورڈ سے جاری شدہ ہو، یا پھر نیچرلائزیشن یا شہریت کا سرٹیفکیٹ بھی لازمی ہے۔

نادرا نے عمر کے مطابق بچوں کی حاضری کی تفصیل بھی جاری کی ہے۔ تین سال سے کم عمر بچوں کی نادرا دفتر میں موجودگی ضروری نہیں، تاہم تین سے اٹھارہ سال تک کے بچوں کو خود دفتر آنا ہوگا۔ دس سال تک کے بچوں کے لیے صرف تصویر درکار ہے، جبکہ دس سے اٹھارہ سال کی عمر کے بچوں سے تصویر، فنگر پرنٹس اور آنکھوں کا اسکین لیا جائے گا۔

نادرا دفتر پہنچنے پر سب سے پہلے استقبالیہ سے ٹوکن حاصل کرنا ہوگا، جس کے بعد اپنی باری پر متعلقہ کاؤنٹر پر جا کر والدین میں سے کسی ایک کی بایومیٹرک تصدیق کروانی ہوگی۔ اس کے بعد بچے کی تفصیلات کا اندراج کیا جائے گا، فنگر پرنٹس اور تصویر لی جائے گی، اور ایک پرنٹ شدہ فارم فراہم کیا جائے گا جسے درستگی کے لیے فوری طور پر چیک کرنا ضروری ہے۔

اگر والد یا والدہ موقع پر موجود ہوں تو شریک حیات کی بایومیٹرک تصدیق بھی وہیں مکمل کی جا سکتی ہے۔ گود لیے گئے بچوں کے کیس میں فارم کی تصدیق کسی گزٹڈ افسر یا عوامی نمائندے سے کروا کر دوبارہ نادرا آفس میں جمع کرانا ہوگا۔

درخواست کی منظوری کے بعد، جو ایک ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی، مقررہ زمرے کے مطابق نادرا آفس یا آن لائن فیس ادا کی جائے گی۔ ایگزیکٹو کیٹیگری میں ب فارم ایک دن کے اندر فراہم کیا جائے گا اور اس کی فیس 500 روپے ہے، جبکہ نارمل کیٹیگری میں سات دن کے اندر ب فارم کی فراہمی کے لیے 50 روپے فیس مقرر ہے۔ مقررہ مدت کے بعد متعلقہ نادرا دفتر سے ب فارم وصول کیا جا سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔