کراچی میں جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ

Decision to introduce modern smart digital parking system in Karachi
سندھ حکومت نے کراچی میں جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
سندھ حکومت نے کراچی شہر میں پارکنگ کے دیرینہ مسئلے کے حل کے لیے جدید اسمارٹ ڈیجیٹل پارکنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کا پہلا مرحلہ دس منتخب مقامات پر اسمارٹ پارکنگ زونز کے قیام سے شروع کیا جائے گا، جہاں شہریوں کو ڈیجیٹل ٹکٹنگ، کیش لیس ادائیگی، حقیقی وقت میں پارکنگ کی معلومات اور بہتر سیکیورٹی جیسی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔
شہر قائد کے باسی برسوں سے پانی، بجلی، خستہ حال سڑکوں اور بدترین ٹریفک کے ساتھ ساتھ پارکنگ کی کمی جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، تاہم اب حکومت سندھ نے اس سمت میں سنجیدہ قدم اٹھاتے ہوئے ایک جامع منصوبہ متعارف کرایا ہے۔ اسمارٹ پارکنگ سسٹم کے قیام کے لیے محکمہ چارجڈ پارکنگ کی جانب سے ٹینڈرز جاری کر دیے گئے ہیں، اور منصوبے پر عمل درآمد پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت نجی شعبے کے تعاون سے کیا جائے گا۔
کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) کے مطابق یہ جدید سسٹم نہ صرف پارکنگ کے مسئلے کا موثر حل پیش کرے گا بلکہ اس سے شہر کی ٹریفک مینجمنٹ اور آمدورفت کا نظام بھی بہتر ہوگا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل شہر کے 32 مقامات پر پارکنگ مفت کر دی گئی تھی، جبکہ سندھ حکومت نے کراچی کے 25 ٹاؤنز میں پارکنگ فیس مکمل طور پر ختم کرنے کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔
نئی ہدایات کے مطابق اب شہر کی تمام سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ فیس وصول کرنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور پارکنگ فیس صرف مخصوص پلازوں، پلاٹس یا کونسلز کے مختص کردہ علاقوں میں ہی لی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









