وادی تیراہ میں خوارج کی فائرنگ سے بے گناہ شہری شہید ہوئے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کے علاقے وادی تیراہ میں پُرامن مظاہرین اور بے گناہ شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے وادی تیراہ کے علاقے باغ میدان میں خوارج کی فائرنگ سے بے گناہ معصوم اور پر امن شہریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کیا۔
وزیر اعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات دیں جبکہ پُرامن شہریوں کو خوارج کی جانب سے نشانہ بنانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکروہ عزائم ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے، دہشت گردوں اور دہشت گردی کو منطقی انجام تک پہنچا کر دم لیں گے۔
واضح رہے کہ وادی تیراہ میں احتجاجی مظاہرے کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد کے جاں بحق اور 17 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے تیراہ واقعے پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کیا، علی امین گنڈا پور نے کہا کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ مکمل ہمدردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قبائلی مشران اور عوامی نمائندوں پر مشتمل جرگہ پشاور طلب کیا ہے تاکہ مقامی جذبات و تحفظات کو سنا جا سکے، ضلعی انتظامیہ اور اداروں کو عوامی رابطے مضبوط بنانے اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
علی امین گنڈاپور نے اعلان کیا کہ جاں بحق افراد کیلئے 1 کروڑ اور زخمیوں کیلئے 25 لاکھ روپے فی کس امداد کا اعلان کیا جبکہ خیبر پختونخوا حکومت پائیدار امن، عوامی تحفظ اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں اِنہی واقعات اور معاملات کو حل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرکے تجاویز مرتب کی گئی تھیں، قبائلی عمائدین اور مشران کے جرگوں کا سلسلہ ڈویژنل اور پھر صوبائی سطح پر آنے والے ہفتے سے شروع ہوجائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









