58 ہزار فلسطینی شہید ہوئے اس کا حساب ہونا چاہیے، نائب وزیراعظم

نیویارک: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ 58 ہزار فلسطینی شہید ہوئے اس کا حساب ہونا چاہیے۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ میں فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کانفرنس کی میزبانی پر سعودی عرب اور فرانس کو خراج تحسین پیش کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ فلسطین 75 سال سے زائد عرصے سے حل طلب ہے، فلسطین کا مسئلہ حل نہ ہونا صرف سیاسی ناکامی نہیں ، اس کی اور بھی وجوہات ہیں، غزہ میں انسانوں کا قتل بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے، غزہ میں فوری طور پر جنگ بندی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ غذا اور ادویات سمیت امداد کی فوری ترسیل شروع کی جائے، فلسطینی عوام کو اجتماعی سزا دینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، فلسطینی عوام کو آزادریاست کا حق حاصل ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ فرانس کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں، غزہ میں جنگی جرائم پر قرار واقعی سزا یقینی بنائی جائے، آج کا غزہ انسانی حقوق کے قوانین کا قبرستان ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ او آئی سی 57 ممالک کی تنظیم ہے جس کے ہم بانی ممبر ہیں، اسلامو فوبیا پر او آئی سی کا مستقل اینوائے مقرر کروایا، فلسطین کےساتھ کشمیر کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا، 58 ہزار فلسطینی شہید ہوئے اس کا حساب ہونا چاہیے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ غزہ میں بوڑھے، بچے، خواتین اور نوجوان بھوک سے شہید ہورہے ہیں، پاکستان فلسطین کے حق خودارادیت اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں، القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونا چاہیے، غزہ میں فوری طور پر خوراک کی فراہمی یقینی ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا فوری سیز فائر کا مطالبہ ہے، ہم نے باور کروایا کہ مذاکرات کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، آزاد فلسطینی ریاست کی سرحدیں 1967 والی پوزیشن کے مطابق ہونی چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ سے ملاقات بہت مفید رہی، ہم نے تجارت اور ٹیرف کے معاملے پر بھی بات کی، آج بھی سیکریٹری مارکو روبیو سے ٹیلیفون پر بات ہوئی، ٹیرف پر معاہدے کیلئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جلد امریکا پہنچ جائیں گے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکا کا دورہ ہر حوالے سے کامیاب رہا ہے، امریکا سے دو طرفہ اور علاقائی امور پر کھیل بات ہوئی ہے، اگلے دو سے تین دن میں ٹیرف پر معاہدے طے پا جائے گا۔
وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر پر عملدرآمد ہورہا ہے، ہم بھارت کے ساتھ دنیا میں کہیں بھی بات چیت کیلئے تیار ہیں، اگر ہمارا پانی روکا گیا یا رخ موڑا تو اسے اعلان جنگ تصور کیا جائیگا، بھارت سے مذاکرات ہوں گے جامع ہوں گے، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج امن کیلئے کوشاں ہے، سندھ طاس معاہدے کو کوئی بھی یکطرفہ طور پر ختم نہیں کرسکتا، بھارت کی جانب سے متضاد بیانات کے پیش نظر پاکستان الرٹ ہے، یہ ماضی میں ہماری غلطی تھی کہ بارڈر کھول کر عسکریٹ پسندوں کو آزاد کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












