پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پاگیا

U.S. imposes 19% tariff on Pakistan; a major turning point in trade relations
پاکستان اور امریکا کے مابین تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پاگیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ پیش رفت وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران ہوئی، ملاقات میں سیکرٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔
اس معاہدے کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹرتھ سوشل پر اپنی پوسٹ کے ذریعے کیا تھا۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ پاک امریکا معاہدے کے نتیجے میں باہمی ٹیرف خاص طور پر امریکا میں پاکستانی مصنوعات پر لگنے والے ٹیرف میں کمی آئے گی۔
یہ معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان اہم اقتصادی شعبوں خاص طور پر توانائی، معدنیات، آئی ٹی، کرپٹو کرنسی اور دیگر میں اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کے آغاز کا باعث بنے گا۔
وزارت خزانہ کے مطابق یہ معاہدہ امریکا کے ساتھ پاکستان کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے خصوصاً ان تعلقات کو امریکی ریاستوں تک بڑھانے کے حوالے سے جاری کوششوں میں معاون ثابت ہوگا۔
وزارت خزانہ کے مطابق اس معاہدے کے تحت دونوں ملکوں کو ایک دوسرے کی منڈیوں تک بہتر رسائی میسر آئے گی اور پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری میں اضافہ متوقع ہے۔
یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی قیادت کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور تجارت اور سرمایہ کاری روابط کو مضبوط بنانے کے لیے تمام کوششوں کو برؤے کار لانے کے عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔
وزیراعظم تجارتی ڈیل کرنے پر امریکی صدر کے مشکور
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ میں پاکستان اور امریکا کے درمیان گزشتہ روز واشنگٹن میں کامیابی سے طے پانے والی تاریخی تجارتی ڈیل میں لیڈر شپ رول ادا کرنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دل کی اتاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مضبوط کرے گا اور اس معاہدے سے مستقبل میں پاک امریکا پائیدار شراکت داری کو مزید وسعت ملے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












